رمضان کے دوران مسجد نبوی اور مسجد قبا کے لیے شٹل سروس میں توسیع
’مدینہ بس‘ پروجیکٹ نے رمضان المبارک کے دوران زائرین اور نمازیوں کی خدمت اور ان کی مسجد نبوی اور مسجد قبا تک آمد و رفت کو مزید آسان بنانے کے لیے منصوبے میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق شہرِ مقدس کے مختلف علاقوں سے شٹل ٹرانسپورٹ سروس کے لیے آٹھ روٹس مختص کیے گئے ہیں۔
نماز کی ادائیگی کے لیے سہ پہر تین بجے سے نمازِ تراویح کے ایک گھنٹے بعد تک شٹل سروس فراہم کی جائے گی۔

مدینہ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے شہرِ مقدس سے مسجد نبوی آنے کے لیے آٹھ ٹریکس مخصوص کیے ہیں جن میں الخالدیہ، شاہ فہد محلہ، ریلوے سٹیشن، شطاہ محلہ، سید الشہداء، السلام کالج، سپورٹس سٹیڈیم اور الحدیقہ شامل ہیں۔
مسجد قبا آنے کے لیے پارکنگ لاٹ ’العالیہ سٹیشن‘ کو مرکز مقرر کیا گیا ہے جہاں سے شٹل سروس کے ذریعے براہِ راست مسجد قبا پہنچا جا سکے گا۔
