گندم کی کٹائی کا سیزن، قصیم میں بھرپور پیداوار سے غذائی نظام مستحکم
قصیم ریجن میں گزشتہ برسوں کے دوران زراعت کے شعبے میں نمایاں ترقی دیکھی گئی ہے۔ جدید تکنیکی طریقوں کے استعمال سے انواع و اقسام کی فصلیں کامیابی سے کاشت کی جا رہی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق دنیا بھر میں گندم سب سے اہم سٹریٹیجک فصلوں میں سے ایک ہے جو غذائی تحفظ اور خوراک کے شعبے کے بنیادی ستون کے طور پر کام کرتی ہے۔
قصیم ریجن میں گندم کی پیداوار کو قومی زرعی ترقیاتی منصوبوں کے تحت ترجیح حاصل ہے جس کا مقصد خوراک کی پائیداری حاصل کرنا ہے۔
ہر سال گندم کی کٹائی کا سیزن اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ سرکاری ادارے اور کاشتکار مقامی پیداوار بڑھانے اور اعلٰی معیار کے اناج کے ذریعے منڈی کی ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
قصیم ریجن نے حالیہ برسوں میں خود کفالت کے منصوبوں اور زرعی شعبے کی ترقی کے تحت پیداوار کے اہداف حاصل کیے ہیں۔

گندم کی کاشت نومبر اور دسمبر میں کی جاتی ہے جس میں معتدل درجہ حرارت اور بہتر بیجوں کا استعمال مدنظر رکھا جاتا ہے جبکہ کٹائی اپریل سے جون تک جاری رہتی ہے۔
ریجن میں اگائی والی گندم کی متعدد اقسام ہیں جو دانے کی نوعیت اور غذائیت کے اعتبار سے مختلف ہوتی ہے۔
سخت گندم میں پروٹین زیادہ جبکہ دانہ مضبوط و سخت ہوتا ہے۔ اس کے برعکس نرم گندم میں پروٹین نسبتا کم اور پیسنے میں آسان ہوتا ہے۔

سرخ گندم قدرے گہرے رنگ کی ہوتی ہے اور مختلف موسمی حالات کو برداشت کرتی ہے، جبکہ سفید گندم ہلکی رنگ اور اعلٰی معیار کے آٹے کے باعث عمدہ بیکری مصنوعات میں استعمال ہوتی ہے۔
سعودی کاشتکار عبدالرحمن الثنیان نے بتایا کہ سال رواں گندم کی پیداوار اچھی ہوئی جبکہ معیار بھی بہتر رہا، اس کی وجہ حکومتی اداروں کی معاونت اور زراعت و آبپاشی میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ہے۔
’گندم کی کٹائی کا موسم عام طور پر اپریل میں شروع ہوتا ہے جبکہ علاقے و موسم کے مطابق جاری رہتا ہے، کاشتکار بھرپور پیداوار اور اعلٰی معیار کے لیے بہترین بیجوں کا انتخاب کرتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں گندم کی متعدد اقسام ہیں جن میں المعیہ، الصماء اور اللقیمی نمایاں ہیں۔
قصیم ریجن میں گندم کی کٹائی کا سیزن زرعی ترقی کے ایک ماڈل کے طور پر کام کرتا ہے جو مملکت کے وژن 2030 سے ہم آہنگ ہے۔ غذائی تحفظ اور قومی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔
