دوسرا ایف آئی اے ایکسٹریم ایچ ورلڈ کپ قدیہ سٹی میں ہوگا
دوسرا ایف آئی اے ایکسٹریم ایچ ورلڈ کپ قدیہ سٹی میں ہوگا
جمعہ 15 مئی 2026 10:31
قدیہ سٹی میں حال ہی میں ’اکوا ریبیا‘ واٹر پارک کا بھی افتتاح کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
دنیا کے پہلے ہائیڈروجن پاورڈ موٹوسپورٹ مقابلوں کے ورلڈ کپ ایف آئی اے ایکسٹریم ایچ ریس کے آرگنائزرز نے اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ کا دوسرا ایڈیشن 29 سے 31 اکتوبر تک قدیہ سٹی میں ہوگا۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس ایونٹ کی میزبانی سعودی عرب کے موٹر سپورٹس، انوویشن اور پائیداری کے عزائم سے ہم آہنگ ہے اور قدیہ سٹی کی ان شعبوں میں اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ اس کے علاوہ عالمی سطح پر تفریح اور کھیلوں کے مستقبل کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نئی شکل دینے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
قدیہ انویسٹمنٹ کمپنی کے مینیجنگ ڈائریکٹر عبداللہ الداؤد کہتے ہیں کہ ’ایف آئی اے ایکسٹریم ایچ ورلڈ کپ کے دوسرے ایڈیشن کی قدیہ سٹی میں واپسی شہر کی موٹر سپورٹ اور منفرد سپورٹنگ ایونٹس کے لیے عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مقبولیت کو ظاہر کرتی ہے۔‘
عبداللہ الداؤد مزید کہتے ہیں کہ ’پہلے ایڈیشن کی میزبانی نے اس بات کی ترجمانی کی کہ قدیہ سٹی انوویٹنگ سپورٹنگ ایونٹس کی میزبانی کے لیے قابل ہے جہاں مقابلے، پائیداری اور مستقبل کی ٹیکنالوجی اکھٹے ہوتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ایسے ایونٹس کی میزبانی کے ذریعے قدیہ سٹی تفریح، کھیلوں اور ثقافت میں اپنے بڑھتے ہوئے کردار کو مضبوط کر رہا ہے جو سعودی وژن 2030 کے اہداف کے ساتھ ہم آہنگ ہے اور انٹرنیشنل سپورٹس ایونٹ کے نقشے پر مملکت کی موجودگی کو بڑھا رہا ہے۔‘
ایکسٹریم ایچ کے بانی اور چیئرمین ایلیہاندرو اگاگ کہتے ہیں کہ ’ایف آئی اے ایکسٹریم ایچ ورلڈ کپ موٹر سپورٹ کے ساتھ مستقبل کے لیے صاف توانائی کی فراہمی کے لیے ہماری قابلیت کی عکاسی کرتا ہے۔ قدیہ سٹی، ایف آئی اے اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر دوسرا ایڈیشن ہو رہا ہے جس میں وژن کو تیزی سے بڑھایا جائے گا کیونکہ ہم لوگ اس بات کو دیکھ رہے ہیں کہ ہماری اہم ٹیکنالوجیز اور باؤنڈری بریکنگ ڈرائیورز کے لیے کیا چیز ممکن ہے۔‘
دوسرا ایڈیشن کے بارے میں امید کی جا رہی ہے کہ یہ بہت جوش و خروش اور مقابلے سے بھرپور ہوگا جس میں ڈرائیور اور ٹیمیں کانٹے کا مقابلہ کریں گے جبکہ ٹیسٹنگ ماحول میں ہائی پرفارمنس ہائیڈروجن فیول سیل پاورڈ پائنیر 25 ریس کاروں کا استعمال کیا جائے گا۔
اس ایونٹ کی میزبانی سعودی عرب کے موٹر سپورٹس، انوویشن اور پائیداری کے عزائم سے ہم آہنگ ہے (فوٹو: عرب وِیلز)
ایف آئی اے کے صدر محمد بن سلیم کہتے ہیں کہ ’ایف آئی اے ایکسٹریم ایچ ورلڈ کپ کی میزبانی ہائیڈروجن پاورڈ موٹر سپورٹ کی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ہے۔ یہ مقابلے ہائیڈروجن فیول سیل ٹیکنالوجی کی ہائی پرفارمنس کے مقابلوں کے ٹورنامنٹ کے لیے ٹیسٹ کرنے کے لیے ایک جدید عالمی پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں۔‘
سعودی موٹر سپورٹ کمپنی کے سی ای او انجینیئر منصور المقبل نے بتایا کہ ایکسٹریم ایچ کی واپسی سعودی عرب کے بڑھتے ہوئے کردار کو ظاہر کرتی ہے جو وہ عالمی سطح پر موٹر سپورٹس کے مستقبل کو سنوارنے میں ادا کر رہا ہے۔
پچھلے ایڈیشن میں کانٹے کے مقابلے دیکھنے کو ملے جہاں ٹائٹل کا فیصلہ 0.082 سیکنڈ میں ہوا۔
پچھلا ایڈیشن جمیل موٹر کے کیون ہینسن اور مولی ٹیلر نے جیتا تھا۔
سب سے پہلے ٹائم ٹرائل راؤنڈ ہوگا جس کے بعد ڈرائیور ناک آؤٹ سٹیج میں جائیں گے جہاں ٹیمیں بھرپور مقابلہ کریں گی۔ اس کے بعد ورلڈ کپ ٹائٹل ریس ہوگی جس میں آٹھ کاریں حصہ لیں گی جہاں حکمت عملی، تحمل مزاجی اور سپیڈ چیمپیئن کا فیصلہ کریں گے۔
ایکسٹریم ایچ کی واپسی ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب قدیہ سٹی تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ دسمبر 2025 میں سکس فلیگز قدیہ سٹی کے کھلنے کے بعد حال ہی میں ’اکوا ریبیا‘ واٹر پارک کا بھی افتتاح کیا گیا ہے جو سعودی عرب کا پہلا اور ریجن کا سب سے بڑا واٹر پارک ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ سپیڈ پارک ٹریک کی تعمیر بھی جاری ہے جو فارمولا ون اور موٹو جی پی جیسے بڑے مقابلوں کی میزبانی کے لیے عالمی معیار کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے۔
آنے والے مہینوں میں حصہ لینے والی ٹیموں اور ڈرائیورز کی مزید تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا۔