Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی اور نائیجیرین افواج نے داعش کے سینیئر رہنما کو ہلاک کر دیا: صدر ٹرمپ

واشنگٹن نے نائیجیرین افواج کی مدد اور انہیں تربیت فراہم کرنے کے لیے سینکڑوں فوجی نائیجیریا روانہ کیے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی اور نائیجیرین افواج نے داعش گروپ کے ایک اعلیٰ رہنما کو ہلاک کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر کہا کہ ’آج رات میری ہدایت پر بہادر امریکی افواج اور نائیجیریا کی مسلح افواج نے دنیا کے سب سے زیادہ سرگرم دہشت گرد کو میدانِ جنگ سے ختم کرنے کے لیے ایک باریک بینی سے منصوبہ بند اور انتہائی پیچیدہ مشن کو بے عیب طریقے سے انجام دیا۔‘
انہوں نے مزید کہا ’عالمی سطح پر داعش کے دوسرے بڑے کمانڈر ابو بلال المینوکی کا خیال تھا کہ وہ افریقہ میں چھپ سکتا ہے لیکن وہ یہ نہیں جانتا تھا کہ ہمارے پاس ایسے ذرائع موجود تھے جو ہمیں اس کی ہر سرگرمی سے باخبر رکھتے تھے۔‘
صدر ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ ’اب وہ افریقہ کے لوگوں کو مزید خوفزدہ نہیں کر سکے گا اور نہ ہی امریکیوں کو نشانہ بنانے کے لیے آپریشنز کی منصوبہ بندی میں مدد کر سکے گا۔ اس کے خاتمے سے عالمی سطح پر داعش کی کارروائیاں بہت حد تک کم ہو گئی ہیں۔ اس آپریشن میں شراکت داری کے لیے نائیجیریا کی حکومت کا شکریہ۔‘
نائیجیریا کی افواج عسکریت پسندی کے خلاف برسرِپیکار ہیں جس میں شدت پسند تنظیم ’داعش‘ کی علاقائی شاخیں اور ان کی حریف اسلام پسند تنظیم ’بوکو حرام‘ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ نائیجیرین فوج نظریاتی وابستگی نہ رکھنے والے پرتشدد جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف بھی فضائی حملے اور آپریشنز کر رہی ہے جنہیں مقامی طور پر ’ڈاکو‘ (بکاویں/بینڈٹس) کہا جاتا ہے۔
سال 2025 کے اواخر سے نائیجیریا کی حکومت پر امریکہ کی جانب سے مسلسل دباؤ ہے جس نے نائیجیریا پر اسلام پسند عسکریت پسندوں کے خطرے سے نمٹنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
کرسمس کے موقعے پر امریکہ نے نائیجیرین حکام کے ساتھ مل کر شمال مغربی ریاست سوکوٹو میں فضائی حملے کیے جن میں ’اسلامک سٹیٹ ان دی ساحل‘ (ISSP) کے جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا۔
اس کے بعد سے واشنگٹن نے نائیجیرین افواج کی مدد اور انہیں تربیت فراہم کرنے کے لیے سینکڑوں فوجی نائیجیریا روانہ کیے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے ابو بلال المینوکی کی ہلاکت کے حوالے سے حملے کی نوعیت کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں کہ آیا یہ فضائی کارروائی امریکی افواج نے کی تھی یا اس عسکریت پسند رہنما کو کس جگہ نشانہ بنایا گیا تھا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے سنہ 2023 میں ابو بلال المینوکی کو ’عالمی دہشت گردوںُ کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس خطے میں داعش کا ایک اعلیٰ رہنما قرار دیا تھا۔
وہ تنظیم کے ’جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پروونسز‘ کا حصہ تھا جو کہ اس گروپ کی انتظامی باڈی ہے اور دنیا بھر میں ’آپریشنل رہنمائی اور فنڈنگ‘ فراہم کرتی ہے۔

شیئر: