صبیا کمشنری: سیزنل مینگو فیسٹیول میں سلطنت عمان کی بھی شرکت
آم کے سیزن میں سیاحت اور معاشی سرگرمیاں بڑھ جاتی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
جازان ریجن کی صبیا کمشنری میں متعدد ٹراپیکل پھلوں کے فارمز موجود ہیں، زرعی سیزن میں قدرتی تجربات اور مقامی پھلوں کی تلاش میں آنے والوں کے لیے یہ ایک پر کشش مرکز ہیں۔
صبیا کمشنری میں آم کے سیزن میں سیاحت اور معاشی سرگرمیاں بڑھ جاتی ہیں، سیزنل مینگو فیسٹیول 2026 نمایاں ایونٹس میں سے ایک ہے، جو کاشتکاروں اور زرعی شعبے کے سٹیک ہولڈرز کو اکھٹا کرتا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس ایونٹ میں 50 سے زائد سعودی کاشتکار اپنے بہترین آم اور دیگر اعلی معیار کے دیگر پھلوں کی نمائش کر رہے ہیں، جبکہ عمانی سرمایہ کار اور کسان بھی مختلف اقسام کے آم اور ان سے تیار کردہ مصنوعات کے ساتھ شریک ہیں۔
فیسٹیول میں جازان کے مشہور آموں کی مختلف اقسام خصوصی طور پر توجہ کا مرکز ہیں، کاشتکاروں کو اپنی پیداوار براہ راست صارفین تک پہنچانے اور بہتر تجارتی مواقع حاصل کرنے میں مدد مل رہی ہے۔

فیسٹول میں سلطنت عمان کی شرکت دونوں ممالک کے مابین زرعی اور تجارتی تعلقات کی مضبوطی کی عکاس قرار دی جا رہی ہے۔
دونوں ملکوں کے ماہرین اور کسان جدید زرعی تجربات، آم کی کاشت، باغات کی دیکھ بھال اور جدید مارکیٹنگ کے طریقوں کے تبادلے میں مصروف ہیں۔

فیسٹیول میں شریک عمانی کاشتکاروں کا کہنا ہے’ جازان میں آم کی پیداوار اور زرعی ترقی کے تجربات سے استفادہ ان کے لیے اہم ہے، کیونکہ جازان مملکت میں آم پیدا کرنے والے نمایاں علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔‘
پانچ روزہ فیسٹیول نہ صرف آم بلکہ موسمی اور خطے کے پھلوں کی نمائش کا مرکز بن گیا ہے بلکہ یہ جازان کے زرعی تشخص و شناخت کو بھی اجاگر کررہا ہے۔ یہ سرگرمیاں زرعی سیاحت کو فروغ دیتی ہیں۔

یہ ایونٹ جازان کی زرعی اور معاشی اہیمت کو اجاگر کرتا ہے۔ مختلف تعارفی پروگراموں اور نمائشی سٹالز کے ذریعے خطے کی زرعی صلاحیتوں، مقامی پیداور کے معیار اور سرمایہ کاری کے مواقع کو نمایاں کیا جارہا ہے۔
