نگرانی اور فلکیاتی علوم کے لیے مخصوص قصیم کا تاریخی مینار ’الشنانہ‘
مینار کی تعمیر 1250 سالِ ہجری میں ہوئی تھی (فوٹو: ایس پی اے)
قصیم ریجن کی الرس کمشنری کے جنوب مغربی سمت میں واقع تاریخی مینار ’الشنانہ‘ عہدِ رفتہ میں نگرانی اور فلکیاتی علوم کے ماہرین کی رہنمائی کے لیے مشہور تھا۔
ایس پی اے کے مطابق الشنانہ تاریخی ٹاور کی تعمیر سالِ ہجری 1250 بمطابق 1838 عیسوی میں ہوئی تھی۔
مینار کے گرد و نواح میں سعودی ریاست کے قیام کے مختلف ادوار میں کئی معرکے بھی ہوئے تھے جن کا سلسلہ شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعود کے دور تک پہنچتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ اس ٹاور یا مینار کا الرس کمشنری کی تاریخ سے گہرا تعلق رہا ہے جو ماضی میں کبھی ستاروں کی سمتوں اور قصبے کی نگرانی کے لیے مخصوص ہوا کرتا تھا۔
ٹاور اپنی مخروطی طرزِ تعمیر اور مٹی سے بنی ساخت کے باعث منفرد حیثیت کا حامل ہے۔
یہ مینار آٹھ منزلوں پر مشتمل ہے جس کے نچلے حصے کا قطر سات میٹر جبکہ بالائی حصہ ڈیڑھ میٹر ہے۔

ٹاور کی مجموعی بلندی 32 میٹر تھی تاہم بارشوں اور وقتا فوقتا چلنے والی تیز ہواؤں کے طوفانوں کے باعث اس کا سات میٹر حصہ منہدم ہو گیا جس کے بعد اب اس کی بلندی 25 میٹر ہی رہ گئی ہے۔
