ویرات کوہلی سے تلخ جملوں کا تبادلہ، ٹریوس ہیڈ اور ان کی اہلیہ کو آن لائن ہراسانی کا سامنا
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ایک میچ میں ویرات کوہلی کے ساتھ تلخ جملوں کے تبادلے کے بعد آسٹریلوی بلے باز ٹریوس ہیڈ اور ان کی اہلیہ کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
فرانسسی خبر رساں ادارےاے ایف پی کے مطابق جمعے کو کھیلے گئے ٹی20 میچ میں ٹریوس ہیڈ کی ٹیم سن رائزرز حیدرآباد اور ویرات کوہلی کی رائل چیلنجرز بنگلورو کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے دوران دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی دیکھنے میں آیا۔
میچ میں ویرات کوہلی صرف 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ان کی ٹیم کو 55 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ کے اختتام پر جب دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ہاتھ ملانے کے لیے قطار میں کھڑے تھے تو سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ ویرات کوہلی نے ٹریوس ہیڈ سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا، حالانکہ انہوں نے دیگر کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا۔
اس واقعے کے بعد ٹریوس ہیڈ اور ان کی اہلیہ جیسیکا کے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر مبینہ طور پر ویرات کوہلی کے مداحوں کی جانب سے سخت تبصروں کی بھرمار ہو گئی۔
جیسیکا ہیڈ نے اخبار ’دی ایڈورٹائزر‘ سے گفتگو میں کہا کہ ان کے دوستوں اور اہل خانہ کو بھی نفرت انگیز پیغامات موصول ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا، ’میں اٹھی تو سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے کو ملا۔ ہم ٹھیک ہیں، لیکن لوگ میرے دوستوں اور خاندان کو نشانہ بنا رہے ہیں۔‘
جیسیکا کے مطابق ’جذبہ ہمیشہ کھیل کا حصہ رہے گا، لیکن یہ یاد رکھنا بھی ضروری ہے کہ کھیل کے پیچھے حقیقی لوگ اور ان کے خاندان موجود ہوتے ہیں۔‘
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس واقعے کے بعد لوگ ایک دوسرے کے لیے زیادہ ہمدردی اور احترام کا مظاہرہ کریں گے۔
جیسیکا ہیڈ نے کہا کہ یہ صورتحال انہیں 2023 کے ورلڈ کپ فائنل کے بعد ہونے والی آن لائن بدسلوکی کی یاد دلاتی ہے، جب آسٹریلیا نے احمد آباد میں انڈیا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔