آئی پی ایل چیمپئن رائل چیلنجرز بنگلورو دو ارب ڈالر تک فروخت ہوسکتی ہے
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی چیمپئن ٹیم رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کے مالک اس ٹیم کو فروخت کرنے پر غور کر رہے ہیں، جس کی مالیت دو ارب ڈالر تک ہو سکتی ہے۔
یونائیٹڈ سپرٹس لمیٹڈ، جو عالمی مشروبات کمپنی ڈیوایجو (Diageo) کی انڈین شاخ ہے، نے ممبئی اسٹاک ایکسچینج کو بتایا ہے کہ اس نے رائل چیلنجرز بنگلورو میں سرمایہ کاری کے ’سٹریٹجک جائزے‘ کا آغاز کر دیا ہے۔
یو ایس ایل کے سی ای او پرویـن سومیشور نے بدھ کے روز ایک خط میں کہا کہ یہ ٹیم ایک ’قیمتی اور سٹریٹجک اثاثہ‘ رہی ہے، تاہم اس کا الکوبیوریج (alcobev) یعنی الکحل و مشروبات کے بنیادی کاروبار سے ’براہِ راست متعلق نہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ قدم یو ایس ایل اور ڈیوایجو کے عزم کو مضبوط کرتا ہے کہ وہ انڈیا میں اپنی کاروباری سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں گے اور ساتھ ہی آر سی بی کے ’بہترین مفاد‘ کو بھی مدِنظر رکھا جائے گا۔
یہ جائزہ مارچ 2026 تک مکمل ہونے کی توقع ہے، اور اس میں رائل چیلنجرز سپورٹس پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہے، جو آر سی بی کی مردوں اور خواتین دونوں ٹیموں کی مالک کمپنی ہے۔
رائل چیلنجرز بنگلورو نے جون 2025 میں پہلی بار آئی پی ایل ٹرافی جیتی۔
اس کامیابی کے فوراً بعد بلومبرگ نیوز نے رپورٹ کیا کہ ٹیم کے مالکان ٹیم کی ’جزوی یا مکمل فروخت کے امکانات‘ پر غور کر رہے ہیں اور ممکنہ طور پر ٹیم کی مالیت دو ارب ڈالر تک لگائی جا سکتی ہے۔
تاہم، کامیابی کے اگلے ہی دن ایک سانحہ پیش آیا، جب احمد آباد میں فتح کے بعد بنگلورو میں ٹرافی پریڈ کے دوران 11 مداح ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔
یہ افسوسناک واقعہ چناسوامی سٹیڈیم کے باہر بھگدڑ کے نتیجے میں پیش آیا، جہاں لاکھوں شائقین ویراٹ کوہلی اور ان کی فاتح ٹیم کا استقبال کرنے جمع ہوئے تھے۔
