Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا محمد عامر برطانوی شہریت ملنے کے بعد آئی پی ایل کھیل سکیں گے؟

محمد عامر برطانوی شہری کی حیثیت سے آئی پی ایل کھیلنے کے امکان پر بات کر چکے ہیں۔(فوٹو:اے ایف پی)
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے مبینہ طور پر برطانوی شہریت حاصل کر لی ہے، جس کے بعد ان کی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شرکت کی راہ ہموار ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب محمد عامر نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ دوبارہ شیئر کی، جس میں ان کی برطانوی شہریت کی منظوری کا ذکر کیا گیا تھا۔
34 سالہ فاسٹ بولر اس سے قبل بھی برطانوی شہری کی حیثیت سے آئی پی ایل کھیلنے کے امکان پر کھل کر بات کر چکے ہیں۔ محمد عامر نے برطانوی شہری نرجس خان سے شادی کے بعد برطانیہ کی شہریت حاصل کی۔
 آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2009 اور  چیمپیئنز ٹرافی 2017 جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ رہنے والے محمد عامر ماضی میں یہ واضح کر چکے ہیں کہ وہ برطانیہ کی نمائندگی نہیں کریں گے اور ان کی وابستگی پاکستان کے ساتھ ہی رہے گی، تاہم فرنچائز کرکٹ کھیلنے کے دروازے کھلے رکھیں گے۔
گزشتہ برس ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا تھا کہ ’اگلے سال میرے پاس آئی پی ایل کھیلنے کا موقع ہو گا اور اگر موقع ملا تو کھیلوں گا۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ رائل چیلنجرز بنگلورو کی جانب سے کھیلنا بھی پسند کریں گے۔
اسی پروگرام میں سابق پاکستانی بیٹر احمد شہزاد نے رائے دی تھی کہ رائل چیلنجرز بنگلورو محمد عامر کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکتی ہے، خاص طور پر ان کی بدولت بولنگ لائن کو مضبوط بنا سکتی ہے۔

پاکستانی کرکٹرز 2008 کے ممبئی حملوں کے بعد سے عملی طور پر آئی پی ایل سے باہر ہیں۔ اگرچہ شاہد آفریدی، شعیب اختر، شعیب ملک اور سہیل تنویر نے 2008 میں آئی پی ایل کے پہلے سیزن میں شرکت کی تھی، اس کے بعد کسی پاکستانی کھلاڑی نے لیگ میں حصہ نہیں لیا۔
تاہم سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے برطانوی شہریت حاصل کرنے کے بعد 2012 اور 2013 میں پنجاب کنگز جبکہ 2015 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کی تھی۔
چونکہ اظہر محمود برطانوی پاسپورٹ رکھتے تھے، اس لیے انہیں پاکستانی نہیں بلکہ انگلش کھلاڑی کے طور پر رجسٹر کیا گیا تھا، جس کے باعث وہ آئی پی ایل کھیلنے کے اہل قرار پائے۔
محمد عامر پاکستان کے لیے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی20 میچز کھیل چکے ہیں اور انہیں فرنچائز کرکٹ کے نمایاں فاسٹ بولرز میں شمار کیا جاتا ہے۔
 نئی گیند کو سوئنگ کرنے اور دباؤ میں مؤثر بولنگ کی صلاحیت رکھنے والے محمد عامر اگر برطانوی شہری کی حیثیت سے آئی پی ایل نیلامی کا حصہ بنتے ہیں تو مختلف فرنچائزز کے لیے اہم انتخاب ثابت ہو سکتے ہیں۔
 

شیئر: