Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تائیوان میں فوجی تربیتی طیارہ گر کر تباہ، دو پائلٹ ہلاک

وزارتِ دفاع کے مطابق، تائیوان کی فضائیہ اپنے پائلٹوں کی تربیت کے لیے بیچ کرافٹ کمپنی کے سنگل انجن پروپیلر طیارے استعمال کرتی ہے۔ (فوٹو: فیس بک)
تائیوان کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ منگل کے روز ایک فوجی تربیتی طیارہ فرضی انجن فیل ہونے کی مشق کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار دونوں پائلٹ ہلاک ہو گئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وزارتِ دفاع کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹی-34 تربیتی طیارہ صبح 8 بج کر 8 منٹ پر تائیوان کے جنوبی ساحلی شہر کاؤشیونگ میں واقع گانگشان ایئر بیس کے رن وے کے شمالی سرے کے قریب گر کر تباہ ہوا۔
فضائیہ نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ ہلاک ہونے والے پائلٹوں کی شناخت صرف ان کے عہدوں اور خاندانی ناموں سے ظاہر کی گئی ہے۔ ان میں لیفٹیننٹ کرنل لو اور لیفٹیننٹ کرنل گو شامل ہیں۔
تائیوان کے صدر لائی چنگ تے نے اس سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ قیمتی جانوں کے نقصان پر ’انتہائی افسردہ‘ ہیں۔ انہوں نے دونوں پائلٹوں کو ’ہیرو‘ قرار دیتے ہوئے تائیوان کے لیے ان کی ’قربانی اور لگن‘ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اے ایف پی نے جب فضائیہ کے ترجمان سے رابطہ کیا تو انہوں نے مزید تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا۔
وزارتِ دفاع کی ویب سائٹ کے مطابق، تائیوان کی فضائیہ اپنے پائلٹوں کی بنیادی تربیت کے لیے بیچ کرافٹ کمپنی کے سنگل انجن پروپیلر طیارے استعمال کرتی ہے۔ یہ طیارے پہلی بار 1984 میں تائیوان کے حوالے کیے گئے تھے۔
یہ حادثہ رواں سال جنوری میں پیش آنے والے ایک اور فضائی حادثے کے بعد سامنے آیا ہے، جب ایک ایف 16 جنگی طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران مشرقی تائیوان کے ساحل کے قریب سمندر میں گر گیا تھا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس کا پائلٹ طیارے سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گیا تھا، تاہم وہ اب تک لاپتا ہے اور اسے تلاش نہیں کیا جا سکا۔

شیئر: