Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں ٹریفک کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے ’ لچکدار ورکنگ آوور انیشیٹیو‘

اس منصوبے کا اطلاق 50 سے زائد اداروں پر کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض رائل کمیشن نے  وزارتِ افرادی قوت کے تعاون سے منگل دو جون 2026 سے شہر کے چھ علاقوں میں ’لچکدار ورکنگ آوور انیشیٹیو‘ پر عمل درآمد شروع کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہر میں آمد و رفت کی کارکردگی کو بہتر اور شاہراہوں پر ٹریفک ازدحام کی صورتحال کو بہتر بناتے ہوئے معیار زندگی بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
منصوبے کا اطلاق 50 سے زائد اداروں پر کیا گیا ہے، جو شہر کے 6 کاروباری علاقے جو کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ ’کافد‘، ڈیجیٹل سٹی، ڈپلومیٹک انکلیو، غرناطہ بزنس اور روشن فرنٹ میں واقع ہیں۔
ان علاقوں میں لچکدار اوقاتِ کار کی مدت کو بڑھا کر چار گھنٹے کیا گیا ہے، جس سے ملازمین کی آمد و رفت کے اوقات مختلف وقفوں میں تقسیم ہوں گے۔ ازدحام کے اوقات میں ٹریفک کا دباو کم ہوگا۔
توقع ہے یہ اقدام ملازمین کو دفتری اوقات کے انتخاب میں زیادہ سہولت فراہم کرے گا، جس کے نتیجے میں کام کے تجربے میں بہتری، آمد و رفت کی کارکردگی میں اضافہ اور زیادہ موثر و پائیدار شہری ماحول کی تشکیل میں مدد ملے گی۔
یہ منصوبہ ریاض رائل کمیشن کی جانب سے دارالحکومت میں ٹرانسپورٹیشن کے نظام کو جدید بنانے کے لیے جاری جامع اقدامات کا حصہ ہے، جن میں سڑکوں کی ترقی، پبلک ٹرانسپورٹ، ٹریفک مینجمنٹ اور جدید انتظامی حل شامل ہیں تاکہ شہر کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ترقی کے تقاضوں کو پورا کیا جاسکے۔
خیال رہے لچکدار اوقاتِ کار کا اطلاق مقررہ اوقات رکھنے والے انتظامی ملازمتوں پر ہوگا، جبکہ صحت، تعلیم ، فیلڈ اور آپریشنل نوعیت کی ملازمتوں سمیت وہ شعبے اس سے مستثنی ہوں گے، جہاں خدمات کی مسلسل فراہمی اور آپریشنز کا تسلسل ضروری ہو۔

 

شیئر: