الباحہ میں پھلوں کے اتارنے کا موسم شروع، کسان پیداوار میں اضافے کے لیے پُرامید
پھلوں سے ڈھکے درخت انتہائی منفرد قدرتی منظر پیش کرتے ہیں۔( فوٹو: ایس پی اے)
موسمِ گرما میں الباحہ ریجن کے کھیت اور باغات موسمی پھلوں سے سج جاتے ہیں جو علاقے کی زرعی اور ماحولیاتی شناخت کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق موسمِ گرما کی آمد کے ساتھ ہی مختلف مقامات پر سیڑھی دارکھیتوں اور پہاڑی ڈھلوانوں میں موجود خوبانی، آلو بخارے، سیب، بادام کے درخت اور انگور کی بیلیں پھلوں سے ڈھک جاتی ہیں جو انتہائی منفرد قدرتی منظر پیش کرتے ہیں۔
ان دنوں الباحہ کے کھیت اور فارمز میں موجود درختوں پر پھلوں کی بہار آئی ہوئی ہے ۔ کاشتکار اپنی فصلوں کی نگرانی اور ان کی دیکھ بھال میں مصروف ہیں تاکہ اپنی محنت کا ثمر حاصل کریں۔
الباحہ میں موسمِ گرما کے دوران انگور، خوبانی، ناشپانی، آلو بخارے، سیب اور کیلے نمایاں زرعی پیداوار میں سرفہرست ہیں جبکہ ایک مقامی پھل ’حماط‘ کی اہمیت بھی اپنی جگہ قائم ہے جو پہاڑی ماحول سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔ بادام کے درخت بھی علاقے کی زراعت میں اہم ہیں۔

علاقے کے کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ سازگار موسمی حالات اور زرعی اصولوں پر عمل درآمد کرنے سے موجودہ سیزن میں بھرپور پیداوار کی توقع ہے۔
سیڑھی دار کھیت آج بھی زراعت کے تحفظ اور کامیاب پیداوار کے لیے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں جو علاقے کے قدیم زرعی ورثے کی نمائندگی بھی کرتے ہیں۔

الباحہ ریجن میں موسم گرما میں کاشت کیے جانے والے پھل مملکت کے زرعی پیداواری نقشے پر علاقے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں جو صرف ان پھلوں کے اعلٰی معیار اور متنوع اقسام کی وجہ سے ہی نہیں بلکہ اس لیے بھی ہے کہ وہ ماحولیاتی اور زرعی ورثے کے تحفظ اور علاقے میں پائیدار زرعی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
