Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل داغے جانے کے بعد تہران پر حملے

ایران کے پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی فوج لبنان پر اپنے حملے بند کرے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ایرانی میڈیا کے مطابق پیر کی صبح تہران اور دیگر شہروں میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سرکاری ٹی وی نے ٹیلی گرام پر پوسٹ کیا’ تہران، تبریز اور اصفہان میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔‘
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے نے اسرائیل کی جانب سے میزائل داغے جانے کی تصدیق کی ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے اس نے ایران میں اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے ٹیلی گرام  پر پوسٹ کیا’ اسرائیلی فضائیہ نے مغربی اور وسطی ایران میں ’ایرانی ٹیرر رجیم ‘ سے تعلق رکھنے والے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔‘
تہران نے اسرائیل کی جانب سے ممکنہ ردعمل کے پیش نظر اپنی مغربی فضائی حدود پیر کی صبح سے تا حکم ثانی پہلے ہی بند کردی تھیں۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے اتوار کو کہا تھا کہ اس نے ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کا سراغ لگایا ہے، جو اپریل میں جنگ بندی کے بعد پہلا ایسا واقعہ ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ’کچھ دیر قبل ایران کی جانب سے اسرائیل کی طرف داغے گئے میزائلوں کی نشاندہی کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے۔‘
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے نے میزائل داغنے کی تصدیق کرتے ہوئے مسلح افواج کے حوالے سے کہا ہے کہ اگر اسرائیل ایرانی حملوں کا جواب دیتا ہے یا لبنان پر اپنے حملے بند نہیں کرتا تو ایران کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
فوج نے بعد ازاں بتایا کہ ایران نے مختصر وقفے کے بعد میزائلوں کی ایک اور لہر بھی داغی۔ بیان میں کہا گیا کہ ’اسرائیل کی جانب مزید میزائل فائر کیے گئے ہیں اور فضائی دفاعی نظام ان خطرات کی نشاندہی اور انہیں ناکام بنانے میں مصروف ہے۔‘
دوسری جانب ایران کے پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی فوج لبنان پر اپنے حملے بند کرے۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اگر اسرائیل نے حملوں کا دائرہ وسیع کیا یا ایرانی کارروائیوں کا جواب دیا تو اسے ’مزید تباہ کن اور پشیمان کن ضربوں‘ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پاسدارانِ انقلاب کی اعلیٰ مشترکہ فوجی کمان نے کہا کہ ’ہم پہلے ہی خبردار کر چکے تھے کہ اگر بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے الضاحیہ میں حملوں کا سلسلہ بڑھایا گیا تو مقبوضہ علاقوں میں اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا۔‘
ادھر اسرائیلی فوج کے ہوم فرنٹ کمانڈ نے اعلان کیا ہے کہ پیر کو ملک بھر کے تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
کمانڈ کے بیان کے مطابق، ’صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد پورے ملک کو محدود سرگرمیوں کی سطح پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کسی بھی قسم کی تعلیمی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔‘
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے پورے لبنان میں کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے جبکہ ایران کا  کہنا ہے کسی بھی معاہدے میں لبنان میں جنگ بندی کو شامل ہونا چاہیے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان ایفی ڈیفرین نے کہا’ ایران نے ایک ’سنگین غلطی‘ کی ہے۔‘
اسرائیلی فوج کے سربراہ کا کہنا تھا’ حکم ملتے ہی دشمن پر پوری قوت اور عزم کے ساتھ حملہ کریں گے۔‘

شیئر: