سعودی عرب کا پہلا ’کافی سٹی‘، سالانہ دو ہزار ٹن پیداوار متوقع
170 ہیکٹر رقبے پر 5 لاکھ 27 ہزار سے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے پہلے ’کافی سٹی‘ کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔ یہ منصوبہ تین سال قبل الباحہ میں پیداوار میں اضافے اور مقامی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔
العربیہ اور عرب نیوز کے مطابق قہوہ کی صنعت کو ترقی دینے کے حوالے سے الباحہ ریجن میں مملکت کی پہلی کافی سٹی کے قیام پر کام جاری ہے۔
کافی سٹی 16 لاکھ 62 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط ہے۔ اس منصوبے کا مقصد سعودی کافی کی پیداوار میں اضافہ، مقامی اور عالمی سطح پر اس کی مقبولیت کو بڑھانا شامل ہے۔
کافی سٹی میں اب تک تقریباً 170 ہیکٹر رقبے پر 5 لاکھ 27 ہزار سے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں جبکہ مزید لاکھوں پودے اگانے کا منصوبہ ہے۔
چیف ایگزیکٹو محمد حوتہ کے مطابق منصوبے کی تکمیل کے بعد سالانہ 2 ہزار ٹن کے قریب کافی پیدا کی جا سکے گی جس سے مقامی پیداوار میں اضافہ، برآمدی مواقع میں وسعت اور زرعی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
منصوبے کی اہم خصوصیات میں کافی کے پودے مقامی نرسریوں میں تیار کیے جاتے ہیں اور پیداوار کے معیار اور پائیداری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ایک خصوصی تحقیقی مرکز بھی قائم کیا گیا ہے جو کافی کی کاشت، پودوں کے معیار اور جدید زرعی طریقوں پر تحقیق کرے گا۔
یہ منصوبہ ثقافتی ورثے اور معاشی ترقی کا امتزاج ہے جس کے ذریعے سعودی کافی کو ایک روایتی علامت سے جدید اور منظم اقتصادی شعبے میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
توقع ہے اس سے کسانوں کی معاونت، زرعی سرمایہ کاری، مقامی سیاحت اور سعودی کافی کی عالمی شناخت کو مزید تقویت ملے گی۔
