عسیر میں سعودی کافی فیسٹیول، کاشتکار بڑی تعداد میں شریک
جمعرات 30 اپریل 2026 0:01
گورنر عسیر ریجن شہزادہ ترکی بن طلال بن عبدالعزیز نے رجال المع کمشنری میں سعودی کافی فیسٹیول کے تیسرے ایڈیشن کا افتتاح کر دیا ہے جو یکم مئی تک جاری رہے گا۔
ایس پی اے کے مطابق اس فیسٹیول میں سعودی کافی کی بہترین اقسام کی نمائش کی جا رہی ہے۔
فیسٹیول میں عسیر، الباحہ اور جازان کمشنریوں سے تعلق رکھنے والے کافی کے کاشتکار بڑی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں جو مقامی مصنوعات میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔
کافی ایسوسی ایشن کے ریجنل ایگزیکٹیو ڈائریکٹر علی صیاد نے بتایا کہ ’فیسٹیول کا تیسرا ایڈیشن کاشتکاروں میں غیرمعمولی طور پر مقبول ہو رہا ہے۔‘
رجال المع کمشنری میں کافی فارمز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دو برس قبل یہاں کافی کے 70 فارم تھے جو اب بڑھ کر 315 تک پہنچ چکے ہیں جبکہ عیسر ریجن میں کافی فارمز کی تعداد 786 ریکارڈ کی گئی ہے۔

فیسٹیول میں وزیٹرز کو کافی کی پیداوار کے مراحل اور اس کے پروسیسنگ کے طریقوں سے متعارف کرایا جا رہا ہے۔
کافی مصنوعات کے ڈسپلے پلیٹ فارم کے فیلڈ ٹور کے ساتھ ساتھ، خطے کی میراث کی عکاسی کرنے والی ثقافتی اور ورثہ پر مبنی پرفارمنس بھی پیش کی گئیں۔

فیسٹیول میں جہاں سعودی کافی کی مصنوعات متعارف کرائی جا رہی ہیں، وہاں شرکا کی دلچسپی کے لیے مختلف نوعیت کے پروگرام بھی ہیں۔
ان میں فیملیز اور بچوں کے لیے تھیٹر، انٹرایکٹیو پلیٹ فارم اور مختلف اقسام کی کافی کو چھکنے کے تجربات شامل ہیں۔
یہ فیسٹیول زرعی سپلائی چین کو تقویت دیتا ہے اور سعودی کافی کی معاشی قدر میں اضافہ کرتا ہے۔
