الجوف میں ترش پھلوں کے شہد کی پیداوار کے سیزن کا آغاز
مملکت کے شمالی ریجن الجوف کے وسیع وعریض زرعی علاقے اور قدرتی ماحول شہد کی فارمنگ کے لیے انتہائی ساز گار ہیں۔
اس خطے میں کاشتکار اور شہد کی فارمنگ کرنے والے مختلف اقسام کا شہد پیدا کرتے ہیں۔ یہاں پائے جانے والے انواع و اقسام کے پودے، پھول اور وسیع جنگل شہد کی مکھیوں کے لیے مثالی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق الجوف ریجن میں ہر برس مختلف اوقات میں کئی اقسام کے شہد کی فارمنگ کی جاتی ہے، بہار کے موسمی پھول، سدر کے درخت اور دیگر انواع و اقسام کے پودوں کی یہاں کثرت ہے جن سے قدرتی شہد حاصل کیا جاتا ہے۔
شہد کی پیداوار اور زراعت کا شعبہ باہمی تعاون کی مثال ہے۔ کسان شہد کی مکھیوں کے ذریعے اپنے باغات اور فصلوں کی قدرتی پولینیشن سے فائدہ اٹھاتے ہیں جبکہ شہد فارمنگ سے منسلک افراد یہاں ان مکھیوں کا بسیرا بنا کر انواع و اقسام کا خالص شہد حاصل کرتے ہیں۔

سکاکا شہر سے تعلق رکھنے والے محمد القعید روزانہ شام کے وقت اپنے چھتوں کا معائنہ کرتے ہیں، مکھیوں کی خوراک کے ذرائع کی نگرانی اور شہد سے بھرے فریم نکال کر جدید آلات کے ذریعے شہد کشید کرتے ہیں۔
بعدازاں حاصل ہونے والے شہد کو مخصوص ٹینکوں میں محفوظ کیا جاتا ہے تاکہ اسے نمی سے بچایا جا سکے۔

الجوف سے تعلق رکھنے والے فارمر اپنے اعلٰی معیار کے شہد کی نمائش مقامی اور بین الاقوامی زرعی اور شہد فیسٹیول میں کرتے ہیں، مقامی کسان عالمی شہد کے مقابلوں میں بھی شرکت کرتے ہیں جن میں ’پیرس ہنی ایوارڈ‘ نمایاں ہے۔
