سعودی ولی عہد کی مملکت کو لبنانی برآمدات دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت
فیصلہ لبنانی صدر اور وزیراعظم کی درخواست پر کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت کو لبنانی برآمدات دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے لبنانی وزیراعظم ڈاکٹر نواف سلام سے ٹیلی فونک رابطے میں انہیں اس بارے میں آگاہ کیا۔
مملکت کو لبنانی برآمدات کی بحالی کا فیصلہ لبنانی صدر اور وزیراعظم کی درخواست پر کیا گیا۔
لبنانی حکومت کی جانب سے ریاستی اداروں کی بحالی کے لیے اٹھائے گئے مثبت اقدامات، گزشتہ ایک برس کے دوران متعلقہ ٹیموں کی کاوشوں اور سعودی حکام کے ساتھ لبنان کے تعاون اور مطلوبہ یقین دہانیوں کو بھی اس فیصلے کی بنیاد قرار دیا گیا ہے۔
ٹیلی فونک رابطے میں سعودی وزیر خارجہ نے لبنان کے استحکام، اس کی خود مختاری اور برادر لبنانی عوام کی خوشحالی کے لے سعودی عرب کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ لبنانی قیادت تمام ضروری اقدامات کرے گی تاکہ لبنان کی سرزمین کو کسی ایسے مقصد کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے جو اس کے برادر ملکوں کے مفادات کے خلاف ہوں۔
لبنانی وزیراعظم ڈاکٹر نواف سلام نے سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور اس فیصلے کا خیرمقدم کیا۔
