سعودی پروجیکٹ: یمن میں ایک ہزار 354 مائنز اور جنگی باقیات تلف
بارودی سرنگیں خواتین اور عمر رسیدہ افراد کے لیے سنگین خطرہ ہیں ( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب کے مسام پروجیکٹ کی ٹیموں نے یمن میں ایگزیکٹیو مائن ایکشن سینٹر المکلا برانچ کے تعاون سے حضر موت گورنریٹ میں ایک ہزار 354 بارودی سرنگیں اور جنگی دھماکہ خیز باقیات تلف کی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق تباہ کی جانے والی باقیات میں مارٹر شیل، اینٹی وہیکل مائنز، شیل فیوز، ہینڈ گرینیڈ، آرٹلری ایمبونیشن اور پھٹنے سے رہ جانے والا آرڈیننس شامل ہے۔
یہ اس سال جنوری کے بعد سے حضر موت گورنریٹ میں اپنی نوعیت کا آٹھواں آپریشن تھا۔ اس دوران مسام کی ٹیموں نے 15 ہزار 463 بارودی سرنگیں، دیسی ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائسز اور پھٹنے سے رہ جانے والا آرڈ یننس تلف کیا۔
یاد رہے کہ یمن میں دھماکہ خیز مواد اور بارودی سرنگوں کو بلا تفریق زمین میں بچھایا گیا تھا جو عام لوگوں، خاص طور پر بچوں، خواتین اور عمر رسیدہ افراد کے لیے سنگین خطرہ بن رہا تھا۔
پروجیکٹ کے تحت مختلف ٹیموں کو دیہات، سڑکوں اور سکولوں سے بارودی سرنگوں یا دھماکہ خیز مواد کو ہٹانے کا کام سونپا جاتا ہے تاکہ عام لوگ محفوظ رہتے ہوئے موومنٹ کر سکیں۔

مسام پروجیکٹ کے تحت باردوی سرنگیں صاف کرنے والے مقامی انجینیئروں کی تربیت کی جاتی ہے اور انھیں جدید آلات فراہم کیے جاتے ہیں، دھماکہ خیز مواد کی وجہ سے زخمی ہونے والے یمنیوں کی مدد بھی کی جاتی ہے۔
