سعودی قومی ٹیم کے کوچ جارجیوس ڈونِس نے کہا ہے کہ ٹیم فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اپنے افتتاحی میچ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے جہاں اس کا مقابلہ یوراگوئے سے ہوگا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق میامی سٹیڈیم میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈونس نے کہا کہ تمام کھلاڑی تیار ہیں۔
’میں سعودی فٹبال کو اپنے سابقہ تجربے کی وجہ سے اچھی طرح جانتا ہوں۔ ہمارے پاس اچھی یادیں ہیں جیسے 1994 کے فیفا ورلڈ کپ میں آخری 16 ٹیموں (راؤنڈ آف 16) تک رسائی حاصل کرنا۔ ہم دنیا کے سب سے بڑے فٹبال ٹورنامنٹ میں اچھے نتائج حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن ساتھ ہی متوازن اور حقیقت پسندانہ نقطۂ نظر بھی برقرار رکھیں گے۔‘
ڈونِس نے کہا کہ اس بار فیفا ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد زیادہ ہے جو ایک مثبت بات ہے کیونکہ اس سے تمام ٹیموں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور دوسرے مرحلے تک پہنچنے کا بہتر موقع ملتا ہے۔