Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہمارا ہدف ورلڈ کپ میں ایک بار پھر تاریخ رقم کرنا ہے: سعودی مِڈفیلڈر محمد کنو

سعودی ٹیم یوراگوئے کے خلاف میچ سے ورلڈ کپ سفر کا آغاز کرے گی (فوٹو: سعودی نیشنل ٹیم)
سعودی مِڈفیلڈر محمد کنو  کا کہنا ہے کہ گرین فالکنز 2026 کے فیفا ورلڈ کپ میں بلند حوصلوں اور مضبوط ارادوں کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق فیفا کے ساتھ ایک انٹرویو میں محمد کنو نے کہا کہ ٹیم ایک نئی کامیابی حاصل کرنے کے لیے پُرعزم ہے جو سعودی فٹبال کی ترقی کی عکاسی کرے گی اور قوم کے لیے باعثِ فخر بنے گی۔
محمد کنو نے کہا کہ 2022 کے ورلڈ کپ کے بعد ان کے کھیل کے معیار میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے اس کا سہرا سعودی پرو لیگ کی ترقی اور عالمی معیار کے بین الاقوامی کھلاڑیوں کی آمد کو دیا جن کی موجودگی نے لیگ کا معیار بلند کیا اور مقابلے کی فضا کو مزید سخت اور دلچسپ بنا دیا ہے۔
قطر میں منعقدہ 2022 کے ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کے خلاف سعودی عرب کی تاریخی فتح کو یاد کرتے ہوئے محمد کنو نے اسے اپنے کیریئر کے عظیم ترین لمحات میں سے ایک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف ان کے لیے بلکہ پوری سعودی قوم کے لیے ایک یادگار اور قابلِ فخر موقع تھا۔
محمد کنو نے گروپ ایچ میں سپین، یوراگوئے اور کیپ ورڈے جیسی مضبوط ٹیموں کا سامنا کرنے کے چیلنج کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ہر میچ انتہائی سخت ہوگا۔
 74 بین الاقوامی میچوں میں سعودی عرب کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی نے کہا کہ ٹیم کا ہدف گروپ مرحلے سے آگے بڑھنا اور ایک بار پھر تاریخ رقم کرنا ہے تاکہ مستقبل کی نسلوں کو اسی طرح متاثر کیا جا سکے جیسے 1994 کی سعودی ٹیم نے کیا تھا۔

ہر کھلاڑی ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھانے کا عزم رکھتا ہے (فوٹو: سعودی نیشنل ٹیم)

’کھلاڑی کوچنگ سٹاف کی رہنمائی میں ہر میچ کے ساتھ اپنی کارکردگی بہتر بنا رہے ہیں‘
سعودی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے 2026 کے فیفا ورلڈ کپ سے قبل گرین فالکنز کی تیاریوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے گروپ ایچ میں یوراگوئے کے خلاف پہلے میچ سے قبل کہا ہے کہ ٹیم ٹورنامنٹ کا مثبت آغاز کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ٹریننگ سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عبداللہ الخیبری نے کہا کہ کھلاڑی کوچ جارجیوس ڈونیس کے ساتھ سخت محنت کر رہے ہیں۔ وہ روزانہ کی ٹریننگ اور حکمتِ عملی کی میٹنگز میں حصہ لے رہے ہیں تاکہ کوچ کے طریقۂ کار اور کھیل کے انداز کو اچھی طرح سمجھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈونیس کو پہلے سے سعودی فٹبال اور کھلاڑیوں کا علم ہے جس کی وجہ سے ٹیم کو ایک ساتھ کھیلنے اور بہتر ہم آہنگی پیدا کرنے میں آسانی ہو رہی ہے۔

ٹریننگ کے بعد سعودی ٹیم میامی پہنچ چکی ہے (فوٹو: سعودی نیشنل ٹیم)

معتّب الحربی نے کہا کہ ٹیم اپنی تیاری کے آخری مرحلے میں مکمل توجہ اور نظم و ضبط کے ساتھ داخل ہو چکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کھلاڑی کوچنگ سٹاف کی رہنمائی میں ہر میچ کے ساتھ اپنی کارکردگی بہتر بنا رہے ہیں اور اس ذمہ داری کو پوری طرح سمجھتے ہیں جو انہیں عالمی سطح پر مملکت کی نمائندگی کے ساتھ حاصل ہوتی ہے۔

شیئر: