کپتان سالم الدوسری سعودی عرب میں فٹبال شائقین کے ہیرو
کپتان سالم الدوسری سعودی عرب میں فٹبال شائقین کے ہیرو
اتوار 14 جون 2026 16:50
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں سعودی عرب کی قومی ٹیم ( گرین فالکنز) کے کپتان سالم الدوسری اس میگا ایونٹ کے سٹار پلیئرز میں سے ایک ہیں جن سے شاندار کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے۔
سالم الدوسری کا نام جب بھی آتا ہے تو شائقین فٹبال کی توجہ فیفا ورلڈ کپ 2022 کے اس میچ کی طرف جاتی ہے جس میں سالم الدوسری نے فیصلہ کن گول کر کے عالمی چیمپئن ارجنٹینا کے خلاف سعودی عرب کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
اس تاریخی فتح کے بعد سالم الدوسری سعودی عرب میں فٹبال شائقین کے ہیرو بن گئے تھے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ورلڈ کپ 2026 الدوسری کے لیے ایک اور اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
32 سالہ سالم الدوسری 19 اگست 1991 کو پیدا ہوئے۔ اپنے کیریئر کا آغاز الریاض کے الشباب کلب سے کیا تھا اور اس کے بعد وہ الہلال کا حصہ بنے۔
الدوسری نے فیفا ورلڈ کپ 2014 کوالیفائرز راؤنڈ میں پہلی مرتبہ سعودی نیشنل ٹیم کی نمائندگی کی۔ 2018 میں روس اور 2022 میں قطر میں ہونے والے ورلڈ کپ میں حصہ لے چکے ہیں، یہ ان کے کیریئر کا تیسرا ورلڈ کپ ہے۔
الدوسری 100سے زائد انٹرنیشنل میچوں میں مملکت کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ ورلڈ کپ کے میچوں میں اب تک تین گول سکور کیے ہیں، انہوں نے میگا ایونٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا سعودی ریکارڈ برابر کیا۔ اس سے قبل گرین فالکنز کے سامی الجابر بھی تین گول کر چکے ہیں۔
سالم الدوسری نے دو مرتبہ اے ایف سی پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ اپنے نام کیا۔ 2025 میں دوسری مرتبہ اعزاز حاصل کرنے پر سالم الدوسری نے کہا تھا کہ کامیابی کا یہ سفر اختتام نہیں بلکہ بڑی کامیابیوں کا آغاز ہے۔ وطن عزیز کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے کے لیے ہمیشہ کوشاں رہوں گا۔
سالم الدوسری 4 فروری 2025 کو اے ایف سی چیمپئنز لیگ ایلیٹ میں سینچری میچز تک پہنچنے والے پہلے کھلاڑی بنے۔ ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہے۔
اے ایف سی چیمپئنز لیگ ایلیٹ میں کسی کھلاڑی کی سب سے زیادہ شرکت 110 کا ریکارڈ ہے، الدوسری نے 2012 سے 2026 کے درمیان میچز کھیل کر یہ اعزاز حاصل کیا۔
سالم الدوسری 100 سے زائد میچوں میں مملکت کی نمائندگی کرچکے ہیں(فوٹو:اخبار 24)
سالم الدوسری 2024 میں پاکستان کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائر راؤنڈ 2 میں سعودی عرب نے پاکستان کے خلاف میچ اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم میں کھیلا تھا۔
پاکستان آمد پر سعودی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں نے پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔ سعودی فٹ بال سٹار سالم الدوسری نے پاکستان میں کھیلنے کے متعلق اپنے جذبات کا اظہار اپنے ٹویٹ میں اس طرح کیا تھا کہ ’میں پیارے پاکستان میں بہت خوش ہوں۔‘