Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوراگوئے کے خلاف میچ میں سعودی ٹیم نے عزم، صلاحیت اور لڑنے کے جذبے کا مظاہرہ کیا: شہزادی ریما

امریکہ کے لیے سعودی عرب کی سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے ورلڈ کپ میں سعودی عرب کے سفر کے آغاز کو فٹبال کے لیے ایک قابلِ فخر دن قرار دیا ہے۔
سعودی عرب کی قومی ٹیم نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سفر کا آغاز ڈرا کے ساتھ کیا۔ یوراگوئے کے خلاف میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔
منگل کو ایکس پر ایک پوسٹ میں شہزادی ریما نے لکھا کہ ’میں سعودی عرب کی قومی فٹبال ٹیم  کو 2026 فیفا ورلڈ کپ میں شاندار آغاز اور یوراگوئے کے خلاف سخت مقابلے کے بعد میچ برابر ہونے کے نتیجے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہوں۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’میدان میں کھلاڑیوں نے جس عزم، صلاحیت اور لڑنے کے جذبے کا مظاہرہ کیا، اس نے مملکت کو فخر محسوس کروایا اور عالمی سطح پر سعودی فٹبال کی بلند امنگوں کی بھرپور عکاسی کی۔‘
شہزادی ریما نے مزید لکھا کہ ’ہم اپنے گرین فالکنز کے لیے آئندہ میچوں میں مزید کامیابیوں اور بہترین کارکردگی کی دعا اور نیک تمنائیں رکھتے ہیں۔‘
سعودی عرب کے کئی شہروں میں فیفا ورلڈ کپ 2026 میں سعودی قومی ٹیم کے افتتاحی میچ کے آغاز پر ایک پُرجوش ماحول دیکھنے میں آیا جو گرین فالکنز کے شائقین کے جذبے اور بھرپور حمایت کی عکاسی کر رہا تھا۔
بڑی تعداد میں سعودی شائقین نے جدہ میں واقع عبادی الجوہر ایرینا کا رخ کیا تاکہ فیفا ورلڈ کپ 2026 میں یوراگوئے کے خلاف سعودی قومی ٹیم کا پہلا میچ بڑی سکرین پر دیکھ سکیں۔
گرین فالکنز نے اپنے افتتاحی میچ میں ایک قیمتی پوائنٹ حاصل کیا ہے۔ اس گروپ کی پانچ ٹیموں کے اب ایک ایک پوائنٹ ہیں۔

شیئر: