ورلڈ کپ 2026: سعودی عرب کے سفر کا آغاز، یوراگوئے کے ساتھ میچ 1-1 سے برابر
سعودی عرب کی قومی ٹیم نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سفر کا آغاز ڈرا کے ساتھ کیا۔ یوراگوئے کے خلاف میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔
گرین فالکنز نے اپنے افتتاحی میچ میں ایک قیمتی پوائنٹ حاصل کیا ہے۔ اس گروپ کی چاروں ٹیموں کے اب ایک ایک پوائنٹ ہیں۔
سعودی وقت کے مطابق منگل کو رات ایک بجے میچ کا آغاز ہوا۔ میامی سٹیڈیم میں سعودی شائقین کی بڑی تعداد گرین فالکنز کی سپورٹ کے لیے موجود تھی۔
سعودی وزیر سپورٹس شہزاد عبدالعزیز بن ترکی الفیصل بھی گرین فالکنز کی سپورٹ کے لیے موجود رہے۔ میامی سٹیڈیم شائقین سے بھرا ہوا تھا۔ آفیشل ریکارڈ کے مطابق 62 ہزار 764 افراد نے میچ دیکھا۔
گرین فالکنز کے عبداللہ العامری نے پہلے ہاف کے 40 ویں منٹ میں پہلا گول سکور کرکے برتری دلائی۔

مڈ فیلڈر محمد کنو کی کک کو یوراگوئے کے گول کیپر فرنینڈو مسلیرا نے روکا تو عبداللہ العمری نے ریباؤنڈ کا فائدہ اٹھانے میں دیر نہیں کی۔
میچ کے دوسرے ہاف میں گرین فالکنز نے اپنی برتری کا دفاع کیا اور سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، سعودی گول کیپر محمد العویس نے کئی یقینی گول بچائے تاہم 80 ویں منٹ میں یورا گوئے کے میکسمیلیان آراؤخو نے گول کرکے میچ برابر کردیا۔

ورلڈ کپ میں سعودی عرب کے گول کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔ مراکش کی ٹیم عرب دنیا میں سب سے زیادہ گول کرنے والی ٹیموں میں سرفہرست ہے۔ اس نے اب تک 21 گول کیے ہیں۔ سعودی عرب، اب تیونس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگیا۔
سعودی ٹیم نے ورلڈ کپ کی اپنی تاریخ میں دوسری مرتبہ پہلے ہاف میں پہلا گول کیا ہے۔ اس سے پہلے 1994 کے ورلڈ کپ میں سعید العویران نے بیلجیئم کے خلاف مچ میں پہلا گول سکور تھا۔

سعودی ٹیم محمد العویس ( گول کیپر)، سعود عبدالحمید، حسان التمبکتی، عبداللہ العمری، متعب الحربی، محمد کنو، عبداللہ الخیبری، مصعب الجویر، محمد ابو الشامات، سالم الدوسری (کپتان) اور فراس البریکان پر مشتمل ہے۔
افتتاحی میچ سے قبل سعودی عرب کی قومی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں نے دو مرتبہ کی عالمی چیمپیئن یوراگوئے کے لیے اپنی تیاریوں اور مضبوط کارکردگی کے عزم کا اعلان کیا تھا۔
