ورلڈ ڈیفنس شو 2026: 33 ارب ریال کے 60 معاہدے، ایک لاکھ 37 ہزار افراد کی شرکت
سعودی دارالحکومت ریاض میں ورلڈ ڈیفنس شو 2026 کے تیسرے ایڈیشن میں عسکری و دفاعی شعبوں میں 33 ارب ریال کے 60 معاہدے کیے گئے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق پانچ روزہ ورلڈ ڈیفنس شو کے اختتام پر جنرل اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹریز کے گورنر اور نمائش کے چیئرمین انجینیئر احمد بن عبدالعزیز العوھلی نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ ’ایونٹ میں 89 ممالک کے 1486 ایگزیبیٹرز نے شرکت کی جبکہ 121 ملکوں کے 513 سرکاری وفود موجود تھے۔‘
نمائش میں وزیٹرز کی تعداد ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد رہی۔ ایکسپو کا رقبہ 272500 مربع میٹر تھا جو پہلے ایڈیشن سے 58 فیصد زیادہ رہا۔
انجینیئر العوھلی نے کہا کہ ’ورلڈ ڈیفنس شو نے عالمی مارکیٹ میں مملکت کی ڈیفنس اور سکیورٹی کی صنعت کو متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔‘
خیال رہے ورلڈ ڈیفنس شو کے تیسرے ایڈیشن میں سعودی ملٹری انڈسٹریز کمپنی ’سامی‘ نے بھی خصوصی طور پر اپنا پویلین لگایا تھا جو تین ہزار مربع میٹر پر محیط تھا۔

پویلین میں 6 سٹالز لگائے گئے تھے جہاں 60 سے زائد قومی مصنوعات کو پیش کیا گیا۔
گروپ اور اس کے ذیلی اداروں نے ایوی ایشن، گراؤنڈ سسٹم ، جدید الیکٹرونکس، بغیر پائلٹ کے نظام ، جنگی ساز وسامان اور سپلائی چین کے شعبوں میں 25 سٹریٹیجک معاہدے اور مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط کیے۔
