یمن میں بچھائی گئی باردوی سرنگوں کو صاف کرنے کے منصوبے پر اعلی تربیت یافتہ سعودی اہلکار اورعالمی ماہرین کی ٹیمیں مشترکہ طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
اس حوالے سے ایوان شاہی کے مشیر اور شاہ سلمان امدادی مرکز کے نگران اعلی ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ کا کہنا تھا کہ ’بارودی سرنگوں کی صفائی کے منصوبے کے معاہدے کی مزید ایک برس کے لیے توسیع کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔ منصوبہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شروع کیا گیا تھا، تاکہ یمنی بھائیوں کو ان بارودی سرنگوں سے محفوظ کیا جاسکے جو مختلف مقامات پر بچھائی گئی تھیں‘۔
اب تک 5 لاکھ سے زائد بارودی سرنگیں صاف کی جاچکی ہیں (فوٹو، ایس پی اے)
انہوں نے مزید بتایا کہ ’مسام منصوبے کے تحت اب تک یمن کے متعدد شہروں اور علاقوں سے مختلف نوعیت کی 5 لاکھ 67 ہزار 182 بارودی سرنگوں کو صاف کیا جا چکا ہے‘۔
ڈاکٹر الربیعہ نے منصوبے میں ایک برس کے لیے توسیع کیے جانے پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا جو وہ دنیا بھر میں خاص کر برادر یمنی عوام کی مشکلات کو کم کرنے اور انسانیت کی بھلائی اور خیر خواہی کے لیے انجام دیتے ہیں۔