Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پابندی کا شکار ہونے والے کشمیری کامیڈین کے شو کی واپسی، نیٹ فلکس کے علاوہ کہاں نشر ہو گا؟

2025 میں ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ ایک تنازعے کی زد میں آ گیا تھا (فوٹو: یوٹیوب)
انڈیا کے زیر انتظام جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے مشہور کامیڈین سمے رائنا نے اپنی متنازع مگر بے حد مقبول کامیڈی شو ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ کے دوسرے سیزن کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس میں بالی ووڈ اداکارائیں عالیہ بھٹ اور شرواری واگھ بطور مہمان شریک ہوں گی۔
انڈین میڈیا کے مطابق سمے رائنا کا شو ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ نیٹفلکس اور یوٹیوب پر نشر کیا جائے گا۔
سمے رائنا نے انسٹاگرام سٹوری پر شو کی پہلی قسط کا یوٹیوب لنک شیئر کیا، جس کے تھمب نیل میں عالیہ بھٹ اور شرواری واگھ کو دیکھا جا سکتا ہے۔
عالیہ بھٹ نے ’الفا‘ لکھا ہوا کیپ پہن رکھا تھا، جبکہ کامیڈین آشیش سولنکی اور بلراج گھئی بھی تصویر میں موجود تھے۔
اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں نے سمے رائنا کی واپسی کو زبردست قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’شو حذف ہوا، تنازعات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن اب نیٹ فلکس ڈیل کے ساتھ واپسی ہوئی ہے، یہ انٹرنیٹ کلچر کی بہترین مثال ہے۔‘ جبکہ کئی صارفین نے اسے ’انڈسٹری کا سب سے بڑا کم بیک‘ قرار دیا۔
یاد رہے کہ 2025 میں ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ ایک تنازعے کی زد میں آ گیا تھا، جب پوڈکاسٹر رنویر الہٰ آبادیہ کے ایک متنازع بیان پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ اس واقعے کے بعد شو کے خلاف ایف آئی آرز درج ہوئیں اور پروگرام کو یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا تھا۔
دوسری جانب عالیہ بھٹ اور شرواری واگھ کی وائرل تصویر نے شو کے دوسرے سیزن کو دوبارہ خبروں کی زینت بنا دیا۔ تصویر میں دونوں اداکارائیں بلراج سنگھ گھئی اور آشیش سولنکی کے ساتھ ججنگ پینل میں بیٹھی نظر آئیں۔
سمے رائنا نے اعلان کیا ہے کہ ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ ٹو‘ نیٹ فلکس اور یوٹیوب پر بیک وقت نشر کیا جائے گا اور دونوں پلیٹ فارمز پر اقساط کا دورانیہ یکساں ہوگا۔
ادھر عالیہ بھٹ اور شرواری واگھ اپنی آنے والی جاسوسی ایکشن فلم ’ایلفا‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی یہ فلم 10 جولائی کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ فلم میں بوبی دیول اور انیل کپور بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

شیئر: