Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہارش لمباچیا نے سمے رائنا کو پیچھے چھوڑ دیا‘، انڈیا میں یوٹیوب کامیڈی شو کے چرچے

سمے رائنا کا یوٹیوب کامیڈی شو یوٹیوب پر نمبر ون پر ٹرینڈنگ پر ہے (فائل فوٹو: انسٹاگرام)
یوٹیوب پر چلنے والے کشمیری کامیڈین سمے رائنا کے شو کی حال ہی میں تازہ قسط آئی ہے جو پہلے 24 گھنٹے میں ہی 10 ملین  ویوز کراس کرنے کے قریب ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اس قسط میں ٹونی کاکڑ، بھارتی سنگھ اور ہارش لمباچیا نے مہمان کے طور پر شرکت کی۔
یہ قسط یوٹیوب صارفین کی بھرپور توجہ اپنی جانب مبذول کی اور اس وقت یوٹیوب میں ٹرینڈنگ پر پہلے نمبر پر ہے۔
اگرچہ سمے رائنا نے حسب معمول اپنے سخت مذاق سے ناظرین کو متاثر کیا لیکن شو کا میدان ہارش لمباچیا نے مار لیا۔
شو کے تازہ ترین قسط میں ہارش لمباچیا نے مہمان جج کے طور پر شرکت کی تھی لیکن سمے رائنا کے چٹکلوں کے پے در پے جواب دینے پر ہارش لمباچیا کو حاضرین محفل نے خوب داد دی۔
ایک یوٹیوب صارف نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ’ہم ہارش کو شو میں مزید دیکھنا چاہیں گے، اس کے بروقت منہ توڑ جواب کمال کے ہیں۔‘
ایک اور صارف نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ’کئی مواقع پر تو ایسا لگا جیسے  سمے رائنا کو  ہارش نے مات دے دی، سچی بات ہے ہارش واقعی ایک زبرست جج ہے، ہم انہیں مزید بھی ججز پینل میں دیکھنا چاہیں گے۔‘
صارفین کی جانب سے ٹونی کاکڑ کی بھی تعریف کی گئی کہ سمے رائنا کے سخت قسم کے تنقیدی حملوں کے باوجود انہوں نے ناراضگی کا اظہار نہیں کیا۔
ایک صارف نے لکھا ’ٹونی بھائی کے لیے تالیاں ہونی چاہیے، سارے مذاق خندہ پیشانی کے ساتھ جھیلنے کے باوجود انہوں نے کوئی ردعمل نہیں دیا اور آخر میں ہمیں گانے سے بھی لطف اندوز کیا۔‘
صارفین کی جانب سے اس قسط کو شو کا ’بیٹ ایپیسوڈ‘ قرار دیا جا رہا ہے۔

شیئر: