Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلم ’کاک ٹیل ٹو‘ میں کس اداکار نے کتنے کروڑ روپے فیس وصول کی؟ نئی بحث چِھڑ گئی

مرکزی کردار ادا کرنے والے تینوں اداکاروں کو یکساں فیس نہیں دی گئی (فوٹو: فلم ٹریلر)
بالی وُڈ کی آنے والی فلم ’کاک ٹیل ٹو‘ میں کام کرنے والے اداکاوں کی فیس منظرِعام پر آگئی ہے، تاہم کاسٹ کے معاوضوں میں موجود فرق نے فلمی شائقین کو حیران کر دیا ہے۔
’بالی وُڈ لائف‘ کے مطابق فلم کے تین مرکزی کرداروں شاہد کپور، کریتی سینن اور رشمیکا مندانہ کو مجموعی طور پر 35 کروڑ انڈین روپے ادا کیے گئے ہیں، تاہم یہ رقم تینوں میں یکساں طور پر تقسیم نہیں ہوئی۔
شاہد کپور اس فلم کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار ہیں، جنہیں 21 کروڑ انڈین روپے ادا کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب کریتی سینن کو آٹھ کروڑ انڈین روپے جبکہ رشمیکا مندانہ کو چھ کروڑ انڈین روپے دیے گئے ہیں۔
یہاں پر دلچسپ بات یہ ہے کہ شاہد کپور کی فیس دونوں اداکاراؤں کی مجموعی فیس سے بھی زیادہ ہے۔
یہ کسی تھیٹر میں ریلیز ہونے والی فلم کے لیے شاہد کپور کا اب تک کا سب سے بڑا معاوضہ قرار دیا جا رہا ہے۔ فلم کے پروڈیوسرز کا کہنا ہے کہ شاہد کپور کی مقبولیت اور باکس آفس پر ان کی کشش نوجوان ناظرین کو سنیما گھروں تک لانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
دوسری جانب کریتی سینن کے لیے آٹھ کروڑ انڈین روپے کا معاوضہ ان کے کیریئر کا سب سے بڑا پے چیک ہے۔ ’میمی‘، ’بھیڑیا‘ اور ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ جیسی کامیاب فلموں کے بعد ان کی مارکیٹ ویلیو میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
’پُشپا‘، ’اینیمل‘ اور ’وریسو‘ جیسی فلموں کے ذریعے مقبولیت حاصل کرنے والی رشمیکا مندانہ اس فلم کے لیے چھ کروڑ انڈین روپے وصول کر رہی ہیں۔
فلم نقادوں کے مطابق اگر ’کاک ٹیل ٹو‘ باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوتی ہے تو رشمیکا کی فیس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
فلم کا مجموعی بجٹ 150 کروڑ انڈین روپے بتایا جا رہا ہے۔ اس میں سے 35 کروڑ روپے مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکاروں کی فیس، 20 کروڑ روپے تشہیر اور مارکیٹنگ جبکہ باقی 95 کروڑ روپے پروڈکشن، دیگر فنکاروں اور عملے کے اخراجات پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔
فیس میں موجود نمایاں فرق نے ایک بار پھر بالی وڈ میں مرد اور خواتین اداکاروں کے معاوضوں کے درمیان تفاوت پر بحث چھیڑ دی ہے۔ تاہم فلمی تجزیہ کاروں کے مطابق شاہد کپور کو فلم کا مرکزی چہرہ تصور کیا جا رہا ہے، اسی لیے ان کا معاوضہ دیگر اداکاروں کے مقابلے میں کہیں زیادہ رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ’کاک ٹیل ٹو‘ 19 جون 2026 کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ فلم کے ٹریلر اور گانوں کو شائقین کی جانب سے مثبت ردِعمل مل رہا ہے، جبکہ پروڈیوسرز کو امید ہے کہ یہ فلم سنہ 2012 میں ریلیز ہونے والی پہلی ’کاک ٹیل‘ کی کامیابی کو دہرا سکے گی۔

شیئر: