Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے جائیداد کی ملکیت، قانون کے ضوابط کی منظوری

جغرافیائی حدود کی بھی منظوری دی جہاں غیرملکی جائیداد خرید سکیں گے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے منگل کو مملکت میں غیرملکیوں کے لیے جائیداد کی ملکیت سے متعلق قانون کے ایگزیکٹیو ریگولیشنز کی منظوری دی ہے۔
اجلاس میں مملکت کی ان جغرافیائی حدود کی بھی منظوری دی گئی جہاں غیرملکی جائیداد خرید سکیں گے۔
ان فیصلوں کی منظوری منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں دی گئی ہے۔
 یاد رہے سعودی کابینہ نے گزشتہ برس جولائی کے آغاز میں ایک قانون کی منظوری دی تھی جس کے تحت غیرملکی انفرادی یا کاروباری ادارے کی حیثیت سے مخصوص جغرافیائی علاقوں میں جائیداد کے مالک ہوسکتے ہیں۔
 نئے قانون میں واضح کیا گیا تھا کہ بعض مقامات خاص کرمکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں صرف مسلم غیرملکی جائیداد خرید سکیں گے۔
الشرق کے مطابق گزشتہ جنوری میں، سعودی رئیل اسٹیٹ اتھارٹی نے غیرسعودیوں کو جائیداد کا مالک ہونے کی اجازت دینے والے نظام کے نافذ اور مملکت میں رئیل سٹیٹ مارکیٹ کو ریگولیٹ کرنے والے قانونی نکات کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔
 غیرملکیوں کے لیے جائیداد کی خریداری ’عقارات السعودیہ ‘ کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے کی جائے گی، پلیٹ فارم کے ذریعے ان غیرملکیوں کا اکاونٹ بھی بنایا جاسکتا ہے جو مملکت میں مقیم نہیں تاہم مملکت میں قانونی طور پر مقیم غیرملکی بھی اس سے مستفیض ہو سکتے ہیں،غیرملکی کمپنیاں اور ادارے بھی قانونی طور پر جائیداد خرید سکیں گے۔
واضح رہے کہ جائیداد کی خریداری کے قانون کا بنیادی مقصد براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا، ریئل سٹیٹ مارکیٹ کی ترقی اور پراپرٹی ڈویلپرز کے لیے اس شعبے میں سرمایہ کاری کے اہم مواقع فراہم کرنا ہے۔

 

شیئر: