سعودی ثقافتی فنڈ فلم فیسٹیول کے 12 ایڈیشن کو سپانسر کرے گا
فیسٹیول کا انعقاد سینما ایسوسی ایشن کے تعاون سے کیا جارہا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ثقافتی فنڈ نے فلم فیسٹیول کے 12 ایڈیشن کو سپانسر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فیسٹیول جمعہ 26 جون سے ظھران کے کنگ عبدالعزیز سینٹر فار ورلڈ کلچر (اثرا) میں منعقد کیا جائے گا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق فلم فیسٹیول کا انعقاد سینما ایسوسی ایشن اور فلم کمیشن کے تعاون سے کیا جا رہا ہے جو 2 جولائی کو اختتام پذیر ہو گا۔
سعودی ثقافتی فنڈ، مختلف سرگرمیوں کے ساتھ فیسٹیول میں شرکت کرے گا۔ پروڈکشن مارکیٹ میں ایک خصوصی پویلین شامل ہے، جہاں فلم سازوں اور کاروباری شخصیات کو ثقافتی مالی معاونت، سرمایہ کاری اور دیگر سہولتوں سے متعارف کرایا جائے گا۔
علاوہ ازیں پویلین سیشنز کے ذریعے خصوصی مشاورت بھی فراہم کرے گا جو فیسٹیول میں شامل ’ماہرین سے ملیں‘ پروگرام کا حصہ ہے تاکہ فلمی پروجیکٹس کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مدد مل سکے اور فلم سازوں کی رہنمائی کی جا سکے۔
ثقافتی فنڈ کی جانب سے پینل ڈسکشن کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جن میں فلم انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے مواقع اور ایک پائیدار فلم انڈسٹری کی ترقی کو اجاگر کیا جائے گا۔ ایک دوسرے پینل ڈسکشن میں بتایا جائے گا کہ ایک فلم پروجیکٹ، ثقافتی فنڈ کی خدمات سے کیسے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
