کانز فلم فیسٹیول: سعودی فلمی شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے کوششیں
فلم فیسٹیول کے 79 ویں ایڈیشن پر خصوصی ایونٹ کا اہتمام کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ثقافتی فنڈ نے وزارتِ سرمایہ کاری اور ریویرا کونٹینٹ فنڈ کے اشتراک سے کانز فلم فیسٹیول کے 79 ویں ایڈیشن کے موقع پر خصوصی ایونٹ کا اہتمام کیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس کا مقصد سعودی عرب کے تیزی سے بڑھتے ہوئے فلمی شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنا پہلے سعودی فلمی سرمایہ کاری فنڈ، ریویرا کونٹینٹ فنڈ کی کامیابیوں کو اجاگر کرنا ہے۔
ایونٹ میں ثقافتی فنڈ اور ورزارتِ سرمایہ کاری نے مملکت کے فلمی شعبے میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا۔
ثقافتی فنڈ کے سی ای او ماجد بن عبدالمحسن الحقیل نے کہا کہ ’سعودی فلم انڈسٹری مکمل طور پر تبدیل ہو چکی ہے، آج سرمایہ کاری کے لیے پہلے سے زیادہ پرکشش ہے۔‘
انہوں نے کہا ’سعودی فلمی شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے، انہوں نے اس شعبے کی مضبوط سرمایہ کاری کی صلاحیت کو بھی اجاگر کیا، جس میں انفرا سٹرکچر کی توسیع، ایڈوانس ریگولیشنز، کریٹو ٹیلنٹ اور فنانسنگ سلووشن کے ذریعے تعاون کیا گیا۔
خصوصی ایونٹ میں ریویرا کونٹینٹ فنڈ کی سرمایہ کاریوں کو نمایاں کیا گیا، جو اب تک 54 ملین سعودی ریال سے تجاوز کرچکی ہے، جبکہ فنڈ کا مجموعی سرمایہ 375 ملین ریال ہے۔

اس ایونٹ کے شرکا میں بین الاقوامی سرمایہ کار، سٹوڈیوز، پروڈکشن کمپنیں اور سرمایہ کاری فنڈ منیجرز شامل تھے۔
یہ اقدام سعودی عرب کی ثقافتی معیشت کو مضبوط بنانے، مقامی ٹیلنٹ کو بااختیار بنانے اور وژن 2030 کے تحت سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی کوششوں کی سپورٹ کرتا ہے۔
علاوہ ازیں وزارت سرمایہ کاری میں ثقافت و تفریح کے شعبے کی ڈائریکٹر جنرل رشا المسعود نے کہا ’مملکت آج دنیا کی سب سے متحرک تخلیقی مارکیٹ میں شمار ہوتی ہے۔ جی 20 کی رکنیت، چار ٹریلین ریال سے زائد مجموعی قومی پیداوار اور نوجوانوں کی آبادی ہماری طاقت کی بنیاد ہے۔‘

ان کا کہنا تھا ’مملکت صرف ایک تخلیقی مارکیٹ نہیں بنا رہی بلکہ ایک مکمل فلمی معیشت تشکیل دے رہی ہے۔‘
’سعودی ثقافتی نظام کے اشتراک سے ہم پروڈکشن، لاجسٹک خدمات اور جدید ٹیکنالوجی میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے دروازے کھول رہے ہیں تاکہ سعودی فلمی شعبے کو بین الاقوامی سرمایہ کاری منزل بنایا جاسکے۔‘
