جدہ میں اتوار سے ’سعودی واٹر وِیک‘ کا آغاز
ایونٹ میں 97 پینل مباحثے، تکنیکی ورکشاپس منعقد ہوں گی ( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی نیشنل واٹر کمپنی جدہ میں سعودی واٹر ویک میں شرکت کرے گی تاکہ مملکت میں پانی کے شعبے کی ترقی اور پائیداری میں مدد کی جا سکے۔
یاد رہے وزارتِ ماحولیات، آب اور زراعت 28 جون سے 2 جولائی تک ’سعودی ہفتۂ آب ‘ یا ’سعودی واٹر وِیک‘ کے افتتاحی سیشن کی میزبانی کر رہی ہے۔
نیشنل واٹر کمپنی کا کہنا ہے’ یہ ایونٹ علم کے تبادلے، انڈسٹری کے چیلنجز، نئی ٹیکنالوجی پر تبادلہ خیال، تعاون کے مواقع تلاش کرنے، پانی اور ماحولیاتی شعبوں میں شرکت داری کو مضبوط کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔‘
اپنی شرکت کے ایک حصے کے طور پر نیشنل واٹر کمپنی آبی نمائش کا بھی انعقاد کرے گی، جس میں پانی کے شعبے کی کامیابیوں، انووینش اور شراکت داریوں کو اجاگر کیا جائے گا۔
علم کے تبادلے، آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے اور کسٹمر کے تجربے کو بڑھانے کے لیے کئی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔

سعودی واٹر وِیک کا مقصد ’سعودی وژن 2030‘ کے مطابق سٹریٹیجک شراکتوں اور سرمایہ کاری کے مواقع میں تعاون فراہم کرنا ہے۔
ایونٹ میں 97 پینل مباحثے، تکنیکی ورکشاپس ہوں گی، معلومات اور چیلنجز کو تفیصل کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔ سعودی عرب کے شعبۂ آب اور دیگر قومی صنعتوں میں کارہائے نمایاں کو خاص طور پر اجاگر کیا جائے گا۔
توقع ہے یہ ایونٹ، پانی کی پائیداری پر اپنی سٹریٹیجک توجہ، معاشی ترقی اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں تعاون فراہم کرنے کے باعث وسیع پیمانے پر علاقائی اور عالمی توجہ حاصل کرے گا۔
