’سعودی واٹر وِیک‘: پانی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کی کوششوں میں مملکت کا اہم کردار
مستقبل میں آبی تحفظ کے منصوبوں پر بات چیت کی جائے گی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی وزارتِ ماحولیات، آب اور زراعت 28 جون سے 2 جولائی تک ’سعودی ہفتۂ آب ‘ یا ’سعودی واٹر وِیک‘ کے افتتاحی سیشن کی میزبانی کر رہی ہے۔
اس ایونٹ میں ماضی کے ’سعودی واٹر فورمز‘ سے حاصل ہونے والی مفید معلومات اور تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔ مملکت کی جانب سے مستقبل میں آبی تحفظ کے منصوبوں اور پائیدار آبی بندوبست کی کوششوں کو مضبوط بنانے پر بات چیت کی جائے گی۔
توقع ہے ’واٹر وِیک‘، جو جدہ میں منعقد ہوگا، ایک خصوصی عالمی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا جس میں پالیسی ساز، ماہرین، محققین، نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے رہنما اور سعودی عرب اور دیگر ممالک سے بھی حصے دار اکٹھے ہوں گے۔
وزارت کے مطابق ’سعودی واٹر وِیک‘ کے دوران وسیع پیمانے پر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جن میں ’عرب واٹر فورم‘ اور ’گیارہویں واٹر فورم‘ پر حصہ داروں کا دوسرا مشاورتی اجلاس بھی شامل ہے۔
اگلے برس ریاض میں منعقد ہونے والے’گیارہویں ورلڈ واٹر فورم‘ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ دنیا کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا جس میں آبی مسائل توجہ کا بھر پور مرکز رہیں گے۔ اِس فورم میں حکومتیں، بین الاقوامیں تنظیمیں اور دنیا بھر سے شہرت یافتہ ماہرین شرکت کریں گے۔

گیارہویں ورلڈ واٹر فورم پر مشاورتی اجلاس کو، جو ہفتۂ رواں میں منعقد ہوگا، اگلے برس کے ’عالمی آبی ایونٹ‘ کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے۔
اِس سے پانی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے اور اس شعبے میں بین الاقوامی تعاون میں اضافے کی کوششوں کے لیے سعودی عرب کے بڑھتے ہوئے عالمی کردار کی اہمیت پر بھی روشنی پڑتی ہے۔
’سعودی واٹر وِیک‘ میں 97 پینل مباحثے، تکنیکی ورکشاپس اور معلومات اور چیلنجز کو تفیصل کے ساتھ پیش کیا جائے گا جن میں سعودی عرب کے شعبۂ آب اور دیگر قومی صنعتوں میں کارہائے نمایاں کو خاص طور پر اجاگر کیا جائے گا۔

وزارت کا کہنا ہے کہ یہ ایونٹ مقامی، علاقائی اور عالمی سطح پر پانی کے مختلف نظاموں کو آگے بڑھانے میں مملکت کے قائدانہ کردار میں اضافے کا عکاس ہے۔
سعودی واٹر وِیک کا مقصد علم کے تبادلے، مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجیوں اور عملی حل سامنے لانے کی حوصلہ افزائی اور اس کے ساتھ ساتھ شعبۂ آب میں ’سعودی وژن 2030‘ کے مطابق سٹریٹیجک شراکتوں اور سرمایہ کاری کے مواقع میں تعاون فراہم کرنا ہے۔

توقع ہے کہ یہ ایونٹ، پانی کی پائیداری پر اپنی سٹریٹیجک توجہ اور اور معاشی ترقی اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں تعاون فراہم کرنے کی وجہ سے وسیع پیمانے پر علاقائی اور عالمی توجہ حاصل کرے گا۔
ورلڈ واٹر کونسل ہر تین برس کے بعد ورلڈ واٹر فورم کا اہتمام کرتی ہے جس میں میزبان ملک تبادلۂ خیال اور ایک دوسرے کے ساتھ معلومات شیئر کرنے کے پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔ اس کا ایک اور مقصد عالمی حصہ داروں کے مابین تعاون کو پروان چڑھانا ہے۔
