Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب محفوظ ترین ملک: جی 20 ممالک پبلک سیفٹی رینکنگ میں سرفہرست

لوگ رات کو محلوں میں بلا کسی خوف کے واکنگ کے لیے جاتے ہیں۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب سیفٹی انڈیکس میں جی 20 ممالک میں پہلے نمبر پر ہے۔ سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے انڈیکیٹرز ڈیٹا بیس پر مبنی رپورٹ جاری کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق رپورٹ کے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ  مملکت میں 97.7 فیصد افراد اپنے علاقوں میں رات کے وقت اکیلے پیدل چلتے ہوئے خود کو مکمل محفوظ محسوس کرتے ہیں۔
یہ انڈیکس اقدام متحدہ کے پائیدار ترقی کے ہدف نمبر 16 کے اہم اشاریوں میں شامل ہے، جس کے ذریعے یہ جانچا جاتا ہے کہ لوگ اندھیرا ہونے کے بعد اپنے محلوں میں بلا کسی خوف کے واکنگ کے لیے جاتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 15 سال یا اس سے زائد عمر کے 97 فیصد مرد رات کے وقت اکیلے چلنے کے دوران خود کو مکمل محفوظ مانتے ہیں، ان میں سے 86 فیصد کا کہنا تھا وہ خود کو بہت زیادہ محفوظ سمجھتے ہیں، جبکہ 11 فیصد نے بتایا کہ وہ کسی حد تک محفوظ سمجھتے ہیں۔
 رپورٹ میں عمر کے اعتبار سے 60 سے 64 برس کے افراد میں تحفظ کا احساس 97.2 فیصد ہے، جبکہ 65 برس یا اس سے زیاد عمر کے افراد میں خود کو انتہائی محفوظ محسوس کرنے کی شرح 89.6 فیصد رہی۔

 94.9 فیصد بالغ خواتین اپنے علاقوں میں رات کے وقت اکیلے چلتے ہوئے خود کو محفوظ محسوس کرتی ہیں، ان میں سے 81.7 فیصد نے خود کو بہت زیادہ محفوظ قرار دیا، جبکہ مردوں میں یہ شرح 88.2 فیصد رہی۔
یہ نتائج اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ سعودی عرب میں امن و امان اور استحکام و معیار زندگی کی سطح  بلند ہے۔ یہ کامیابی اقتصادی، سماجی، صحت، ماحولیاتی اور تکنیکی شعبوں میں سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جاری کوششوں کی ثمر ہے جو سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔

 

شیئر: