Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزارت حج و عمرہ کا ڈیٹا سینٹر مکمل طور پر کلاؤڈ پر منتقل

اس اقداام سے ڈیجیٹل خدمات کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیرحج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے وزارت کے ڈیٹا سینٹر کی مکمل طور پر کلاؤڈ  پر منتقلی کا افتتاح کیا ہے، کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی جانب 100 فیصد منتقلی مکمل ہوگئی۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق ڈیٹا سینٹر(وزارت حج و عمرہ کا معلوماتی مرکز) کی 100 فیصد کلاؤڈ کمپیوٹنگ سے وزات کی تیکنیکی تیاری مضبوط ہوگی، ڈیجیٹل خدمات کی کارکردگی بہتر ہوگی، جس سے حج کا تجربہ مزید ہموار بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ’ یہ کامیابی سعودی وژن 2030 کے اہداف کو آگے بڑھاتی ہے جس کا مقصد ایک جدید ڈیجیٹل نظام تشکیل دینا ہے جو زائرین کے لیے خدمات کو بہتر بنائے۔‘
 ڈاکٹر الربیعہ بتایا’ عازمین حج اورعمرہ زائرین کو اعلی معیار کی خدمات فراہم کرنے کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام تشکیل دیا گیا ہے۔ حج وعمرہ ڈیٹا سینٹر 2002 میں قائم کیا گیا تھا۔ گزشتہ 24 برسوں سے یہ وزارت کی تمام ڈیجیٹل خدمات کی تیکنیکی بنیاد کے طور پر کام کر رہا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا’ یہ تبدیلی وزارت حج وعمرہ کے ڈیجیٹل ترقیاتی سفر میں ایک نیا سنگ میل ہے، اس سے زیادہ لچکدار اور موثر تکنیکی انفرا سٹرکچر فراہم ہو گا، کاروباری تسلسل مضبوط ہوگا، اس کے ساتھ حج وعمرہ سیزن میں ڈیجیٹل سسٹم کی تیاری اور استعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔‘

واضح رہے حج وعمرہ ڈیٹا سینٹر کے ذریعے سالانہ 20 ملین سے زائد عازمن حج اور عمرہ زائرین کو خدمات فراہم کی جاتی ہیں، نمایاں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز میں الیکٹرانک حج وعمرہ پورٹل، ’نسک‘ اور ’نسک کارڈ‘ شامل ہیں۔
یہ نظام 70 سے زائد مقامی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ منسلک ہے جبکہ ’نسک‘ پلیٹ فارم  کے ذریعے 51 ملین سے زائد رجسٹرڈ صارفین کو 500 سے زیادہ ڈیجیٹل سروسز فراہم کی جاتی ہیں۔

 

شیئر: