Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حائل میں آتش فشانی گڑھا، ماحولیاتی اور ارضیاتی سیاحت کا اہم مقام

اس کے گرد پہاڑوں اور آتش فشانی میدانوں پر مشتمل قدرتی مناظر ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
مملکت کے حائل ریجن میں متعدد منفرد ارضیاتی مقامات کروڑوں سالوں پر محیط قدرتی تاریخ کے عکاس ہیں، ان میں نمایاں ترین ’الھتیمہ‘ کا آتش فشانی گڑھا شامل ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ آتش فشانی گڑھا سلمی پہاڑ کے مشرق میں عربین شیلڈ کے انتہائی شمال مشرقی حصے میں ’طابہ‘ نامی گاوں کے قریب واقع ہے۔
آتش فشانی گڑھے کا قطر (چوڑائی) تقریبا 1.25 کلومیٹر جبکہ گہرائی 110 میٹر ہے۔ اس کے گرد پہاڑوں اور آتش فشانی میدانوں پر مشتمل متنوع  قدرتی مناظر ہیں، جو اس مقام کو سائنسی اور قدرتی حسن دونوں اعتبار سے منفرد بناتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ گڑھا قدیم آتش فشانی سرگرمیوں کے نتیجے میں وجود میں آیا، جنہوں نے علاقے کی ارضیاتی ساخت تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ آج بھی یہ مقام ارضیاتی محققین، قدرتی علوم کا شوق رکھنے اور مہم جو افراد کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
 آتش فشانی گڑھا اپنی منفرد ارضیاتی ساخت کے باعث مختلف قدرتی ارتقائی مراحل کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کے اطراف سیاہ آتش فشانی چٹانیں ہیں جو لاوے کے بہاو سے تشکیل پائی ہیں۔

گڑھے کے فرش پر قدرتی تہیں پائی جاتی ہیں جنہیں ہزاروں برس کے دوران کٹاو اور موسمی اثرات نے موجودہ شکل دی ہے۔ یہی عوامل اس مقام کو ایک منفرد اور دلکش قدرتی منظر عطا کرتے ہیں۔
یہ مقام حائل ریجن کے اس ارضیاتی ورثے کا حصہ ہے، جہاں متعدد قدرتی اور تاریخی مقامات قومی اور بین الاقوامی اہمیت کے حامل ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ حائل ماحولیاتی اور ارضیاتی سیاحت کے ایک اہم مرکز کے طور پر ابھر رہا ہےاور قدرتی ورثے میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو متنوع تجربات فراہم کر رہا ہے۔
الھتیمہ کا یہ عجوبہ سلمی پہاڑ اور اس کے گرد ونواح کے علاقوں کے دلکش پینورامک مناظر بھی پیش کرتا ہے، جس کے باعث یہ علاقہ فوٹوگرافی کے شوقین اور صحرائی سیاحت سے دلچسپی رکھنے والوں کی پسندیدہ منزل بن چکا ہے۔

 

شیئر: