Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ کا تاریخی قلعہ الفرع جسے آتش فشاں کے پتھروں سے تعمیر کیا گیا

مدینہ منورہ ریجن کی العیص کمشنری میں واقع قلعہ الفرع کا شمار خطے کے نمایاں ترین آثارِ قدیمہ میں ہوتا ہے جو اپنی بلند و مضبوط فصیلوں اور عمارتوں کی وجہ سے غیرمعمولی شہرت کا حامل ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے مطابق اس قلعے کی تاریخ قبل از مسیح کے ابتدائی دور کی بتائی جاتی ہے۔ یہ قلعہ اپنے سٹریٹیجک محل وقوع کے باعث خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
یہ ایک اہم وادی تھی اور تجارتی راستوں کے تحفظ میں معاون رہی تھی۔
اسلامی ادوار میں بھی العیص کمشنری کو نمایاں مقام حاصل رہا ہے، یہ زائرین کے راستوں میں ایک اہم پڑاؤ تھا۔ یہاں پانی ذخیرہ کرنے کے لیے حوض کے آثار آج بھی موجود ہیں۔
یہاں متعدد دیگر قدیم آثار بھی ہیں جو علاقے کی قدیم تاریخ اور مختلف ادوار میں اس کے تہذیبی کردار کے تسلسل کو واضح کرتے ہیں۔ قلعے کے قریب ایک قدیم کنواں بھی ہے جو آبی تاریخ کی اہم علامت ہے۔
العیص کمشنری کی سیاحتی اور سعودی سیاحتی کمیٹی کے رکن مسلم العنینی کا کہنا ہے کہ ’قلعہ الفرع، جو قصر البنت کے نام سے جانا جاتا ہے، علاقے کے نمایاں ترین تاریخی مقامات میں سے ایک ہے۔ العیص کمشنری اور اس سے متصل علاقوں میں بے شمار آثارِ قدیمہ، تاریخی عمارتیں اور مختلف مقامات پر پھیلے ہوئے چٹانی نقوش موجود ہیں، جو مختلف قدیم تہذیبوں کے زندہ ثبوت ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ قلعہ آتش فشاں کے پتھروں سے تعمیر کیا گیا جو قریبی پہاڑوں سے حاصل کیے گئے تھے۔ ان پتھروں کو مستطیل اور مربع قالبوں کی شکل دے کر استعمال کیا گیا جبکہ دیواروں کے بعض حصوں کی تعمیر میں بازلٹ پتھر بھی استعمال کیے گئے جنہیں مٹی اور گارے کی مدد سے پختہ کیا گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’قلعہ منفرد تعمیرا تی خصوصیات کا حامل ہے، کھڑکیوں اور دروازوں کو مزین کرنے والی پتھریلی محرابیں نمایاں ہیں، اگرچہ عمارت کے بعض حصے وقت کے ساتھ موسمی اثرات کا شکار ہوئے مگر یہ محرابیں اب بھی مضبوطی سے قائم ہیں جو تعمیراتی مہارت اور مضبوط بناوٹ و تعمیر کی عکاس ہیں۔

قلعے کے آثار سے بآسانی یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہ دومنزلہ عمارت تھی جبکہ بالائی منزل تک رسائی ایک پہلو میں بنائی گئی پتھریلی سیڑھی کے ذریعے ہوتی تھی جس کے بعض زینے آج بھی موجود ہیں۔ یہ ترتیب دفاعی اور انتظامی تقاضوں کی عکاسی کرتی ہے۔
قلعہ الفرع آج بھی العیص کمشنری کی قدیم تاریخ کی ایک نمایاں علامت ہے۔ یہ قلعہ روایتی تعمیراتی مہارت اور اس کے صدیوں پر محیط تسلسل کا بہترین نمونہ ہے۔

شیئر: