Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’منفرد ذائقہ اور خوشبو‘: ریاض میں پاکستانی آموں کا فیسٹیول

سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جہاں پاکستانی آموں کی مختلف اقسام کو خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا۔  
فیسٹیول میں پاکستانی آموں کی مختلف اقسام نے سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں کی بھرپور توجہ حاصل کی۔
ریاض کے ایک مقامی مال میں منعقد ہونے والے مینگو فیسٹیول کا افتتاح پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کیا۔ تقریب میں پاکستان، سعودی عرب اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
فیسٹیول میں چونسہ، انور رٹول، سندھڑی، لنگڑا، دوسہری اور دیگر اعلیٰ معیار کے پاکستانی آم نمائش کے لیے پیش کیے گئے جنہیں شرکا نے بے حد پسند کیا اور ان کے ذائقے کو سراہا۔
اس موقع پر سفیر پاکستان احمد فاروق کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستانی آموں کی ایک اہم منڈی ہے۔ پاکستانی آم نہ صرف سعودی شہریوں بلکہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد میں بھی بے حد مقبول ہیں۔
فیسٹیول میں شریک پاکستانیوں کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی منڈیوں میں پاکستانی آموں کی مانگ مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ان کے مطابق ایسے فیسٹیول پاکستانی آموں کی تشہیر، برآمدات میں اضافے اور ملکی معیشت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں
ریاض میں منعقدہ مینگو فیسٹیول نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ پاکستانی آم اپنے منفرد ذائقے، خوشبو اور اعلیٰ معیار کی بدولت دنیا بھر میں اپنی الگ پہچان رکھتے ہیں۔

شیئر: