Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایکسپو 2030 ریاض: پاکستان نے شرکت کے لیے معاہدے پر دستخط کر دیے

معاہدے کے ساتھ ایکسپو کی تیاریوں کے نئے مرحلے کا آغاز ہوگیا ( فوٹو: ایس پی اے)
پاکستان نے جعمرات کو ایکسپو ریاض 2030 میں شرکت کے معاہدے پر باضابطہ دستخط کر دیے۔ سفیر پاکستان احمد فاروق اور ایکسپور ریاض کے سی ای او انجینیئرطلال المری نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس کے ساتھ ایکسپو کی تیاریوں کے نئے مرحلے کا آغاز ہوگیا جس میں پویلین کی تعمیر، مختلف پروگرام کی تشکیل اور دنیا بھر سے آنے والے وزیٹرز کےلیے خصوصی تجربات کی تیاری شامل ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سفیر پاکستان احمد فاروق جو ایکسپو ریاض میں پاکستانی پویلین کے کمشنرجنرل بھی ہیں کہا کہ ’ایکسپو 2030 ریاض میں پاکستان کی شرکت ملک کے ثقافتی ورثے، تجارتی سرگرمیوں اور سیاحتی امکانات کو دنیا کے سامے پیش کرنے کا منفرد پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔‘
’ پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں روشن امکانات اور وسیع مواقع موجود ہیں۔  مشرق وسطی کے ممالک، بالخصوص سعودی عرب کے ساتھ قریبی تعلقات دیگر برادر ممالک کے ساتھ  بھی ہمارے روابط کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم ایکسپو 2030 ریاض کے منتظمین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ اس ایونٹ میں شرکت کو کامیاب اور موثر بنانے کے ساتھ مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔‘
ایکسپو 2030 ریاض کے سی ای او انجینیئر طلال المری نے کہا ’ہم ایکسپو میں شرکت کے معاہدوں پر باضابطہ دستخط کرنے والے ملکوں کی بڑھتی ہوئی فہرست میں پاکستان کا خیرمقدم کرتے۔‘

 یہ پیش رفت شریک ممالک کی تیاریوں کے حوالے سے جاری تسلسل اور ان کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہونے کی عکاسی کرتی ہے جس کے تحت وہ اپنے پویلین، پروگرام اور ان خصوصی تجربات کو حتمی شکل دینے پر کام شروع کریں گے جو ایکسپو 2030 کے وزیٹرز کو پیش کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا ’ہم پاکستانی ٹیم کے ساتھ قریبی تعاون کے خواہاں ہیں اور اس تخلیقی کام کو دیکھنے کے منتظرہیں جو پاکستان کے قدیم ثقافتی ورثے اور مستقبل کی امنگوں کی ترجمانی کرے گا۔‘
انجینیئر طلال المری کا کہنا تھا ’کلچر زون میں قائم اپنے پویلین کے ذریعے پاکستان ایسا تجربہ پیش کرے گا جو اس کے بھر پور ثقافتی ورثے اور مستقبل کے وژن کا حسین امتزاج ہوگا۔ سعودی عرب کے ساتھ مضبوط اور دیرینہ تعلقات کے باعث پاکستان کی شرکت ہمارے لیے خصوصی اہمیت کی حامل ہے۔‘

واضح رہے جاپان کے شہر اوساکا میں ایکسپو 2025 میں پاکستان کے قومی پویلین نے اپنے منفرد اور شاندار ڈیزائن پر کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ اب پاکستان ایکسپو 2030 کے کلچر زون میں اپنا پویلین تیار کرے گا، اس میں پاکستان کے بھر پور ورثے، تخلیقی صلاحیتوں اور مستقبل کے عزائم کی جھلک نظر آئے گی۔
خیال رہے ایکسپو 2030 ریاض کو’مستقبل کا ویژن‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔ یہ عالمی ایونٹ مختلف ممالک کو اپنی کامیابیوں اور مستقبل کے عزائم دنیا کے سامنے پیش کرنے، مشترکہ چیلنجز کے حل تلاش کرنے اور مستقبل کے لیے نئے امکانات اور مواقع پیدا کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔

ایکسپو 2030 ریاض کے پانچ مرکزی زونز ہیں جن میں ٹیکنالوجی، کرہ ارض، انسان، ثقافت اور تعاون  شامل ہیں۔ ان زونز کے ذریعے شریک ممالک اور وزیٹرز کو ایسے تصورات اور مستقبل کے ویژنز دریافت کرنے کا موقع ملے گا جو آنے والی کئی دہائیوں کی سمت متعین کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

 

شیئر: