فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایس ایس جی ہیڈکوارٹرز کا دورہ، بدلتے سکیورٹی خطرات کے پیش نظر فوجی تیاریوں کی ہدایت
جمعرات 5 نومبر 2026 20:54
پاکستان کے آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بدلتے ہوئے سکیورٹی خطرات اور نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے اور فوج کی آپریشنل تیاری برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جمعرات کو تربیلا میں فوج کے خصوصی دستے سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں خصوصی تربیت، جنگی صلاحیتوں اور آپریشنل تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ’آرمی چیف نے کہا کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی خطرات اور ابھرتے ہوئے چیلنجز کے مقابلے میں برتری برقرار رکھنے کے لیے مسلسل تربیت، مقامی دفاعی صلاحیتوں کی ترقی اور آپریشنل تیاری پر غیر متزلزل توجہ ضروری ہے۔‘
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایس ایس جی کے تربیتی پروگرامز کے بارے میں بریفنگ حاصل کی اور خصوصی آپریشنز میں دستوں کی جنگی مہارت، پھرتی اور درستگی کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا۔ اس موقع پر جدید فوجی سازوسامان کی نمائش بھی کی گئی۔
آرمی چیف نے خصوصی دستوں کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے تربیت اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے فوجی آپریشنز کے دوران جان سے جانے والے ایس ایس جی اہلکاروں کی یادگار پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کو مسلسل سکیورٹی چیلنجز اور عسکریت پسندوں کے حملوں کا سامنا ہے، خصوصاً خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز مسلح گروہوں کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہیں۔
پاکستان متعدد مرتبہ افغان سرزمین پر موجود عسکریت پسندوں پر پاکستان کے اندر حملوں کے الزامات عائد کرچکا ہے، تاہم کابل حکام ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ سرحد پار عسکریت پسندی کے معاملے پر دونوں پڑوسی ممالک کے تعلقات میں کشیدگی بھی پائی جاتی ہے۔
