Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر داخلہ کی انقرہ میں ترک ہم منصب سے ملاقات، سکیورٹی تعاون بڑھانے پر زور

باہمی رابطے مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے جمعرات کو انقرہ میں ترک وزیر داخلہ مصطفی چفتچی سے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر داخلہ نے کہا ’مملکت اور ترکیہ کے درمیان تاریخی و برادرانہ تعلقات مختلف شعبوں میں تعاون اور ہم آہنگی کی ایک نمایاں مثال بن چکے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا ’سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والا ’مکہ دفاعی معاہدہ‘ مملکت اور ترکہ کے تعلقات کی گہرائی، مشترکہ مفادات اور سٹریٹیجک ترجیحات میں ہم آہنگی کا عکاس ہے۔‘
ان کے مطابق ’موجودہ جغرافیائی و سیاسی حالات میں یہ معاہدہ بحرانوں سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کی قیادت کی دانش مندی کا مظہر اور ایک اہم پیش رفت ہے۔‘
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے شعبوں میں سکیورٹی تعاون اور باہمی رابطے کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 دہشت گرد اور انتہائی پسند گروہوں کے خلاف مشترکہ کوششیں تیز کرنے، سرحد پار جرائم، بالخصوص منشیات کی سمگلنگ اور اس کی ترویج کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات بڑھانے پرغور کیا گیا۔
فریقین نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں سکیورٹی تعاون کو فروغ دینے، شراکت داری کے موجودہ فریم ورک کو مزید وسعت دینے اور سکیورٹی امور سے متعلق مشترکہ کاوشوں میں ہم آہنگی کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر سعودی وزیر داخلہ کے مشیر شہزادہ ڈاکٹر بندر بن عبداللہ بن مشاری، ترکیہ میں سعودی سفری فہد بن اسعد ابوالنصر، وزیر داخلہ کے دفتر کے برائے مطالعات و تحقیق کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل خالد بن ابراہیم العروان، وزیر داخلہ کے دفتر کے نائب نگرانی اعلی انجینیئر عبداللہ بن عبدرالرحمن الربیعہ، ڈائریکٹر جنرل برائے قانونی امور و بین الاقوامی تعاون احمد بن سلیمان العیسی اور بین الاقوامی شراکت داری پروگرام کے نائب نگران اعلی میجر جنرل فراس بن صالح بھی موجود تھے۔

 

شیئر: