Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایف بی آئی کا انڈین گینگسٹر گولڈی برار کی گرفتاری میں مدد دینے پر 50 ہزار ڈالر کا اعلان

بیان کے مطابق گولڈی برار 2023 میں کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجار کے قتل میں بھی ملوث ہے (فوٹو: ہندوستان ٹائمز)
امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے انڈیا سے تعلق رکھنے والے گینگسٹر ستیندرجیت سنگھ عرف گولڈی کی گرفتاری میں مدد دینے پر 50 ہزار ڈالر کے انعام کا اعلان کیا ہے۔
ٹریبیون انڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ اعلان سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردی سنگھ نجار کے قتل کے مقدمے میں گولڈی برار اور جیل میں قید لارنس بشنوئی پر فرد جرم عائد کیے جانے کے چند گھنٹے بعد منظرعام پر آیا ہے۔
ہردیپ سنگھ نجار کو 2023 میں کینیڈا کے علاقے برٹش کولمبیا میں قتل کیا گیا تھا۔
 گولڈی برار پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے مقدمے کا بھی اہم ملزم ہے۔
انڈیا کے قومی تحقیقاتی ادارے (این آئی اے) اور پنجاب پولیس نے اس کا نام انڈیا کے انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں ڈال رکھا ہے اور اس کی گرفتاری پر الگ الگ انعامات بھی رکھے گئے ہیں۔
ایف بی آئی کی جانب سے ایکس پر جاری کیے بیان میں کہا گیا ہے کہ ستیندرجیت سنگھ عرف گولڈی برار کے بارے میں ایسی معلومات فراہم کرنے والے کو 50 ہزار امریکی ڈالر دیے جائیں گے جو اس کی گرفتاری کا باعث بنیں۔
بیان کے مطابق ’گولڈی برار لارنس بشنوئی آرگنائزڈ کرائم گروپ سے ذاتی طور پر وابستہ ہے جو کہ جنوبی کیلیفورنیا سمیت امریکہ اور کینیڈا کے مختلف علاقوں میں پرتشدد جرائم میں ملوث رہا ہے۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گولڈی برار کو اب ایف بی آئی کی ’انتہائی مطلوب مفرور افراد کی فہرست‘ میں بھی شامل کر لیا گیا ہے۔

ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ یکم جولائی کو امریکہ کی ضلعی عدالت سینٹرل ڈسٹرکٹ آف کیلیفورنیا، لاس اینجلس میں گولڈی برار کے خلاف وفاقی وارنٹ جاری کیا گیا اور اس پر جرائم پیشہ تنظیموں کے لیے کام کرنے، بھتہ خوری، سازشوں اور منشیات فروشی سے متعلق الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گولڈی برار کے روابط انڈیا،میکسیکو اور کینیڈا کے علاوہ کیلفورنیا کے شہروں فریسنو اور سیکرامینٹو میں بھی موجود ہیں۔
انعام کا یہ اعلان ’آپریشن ہارڈ بال‘ کے بعد سامنے آیا ہے جو امریکہ، کینیڈا اور یورپ کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کیا جانے والا ایک مربوط کریک ڈاؤن ہے۔
اس کے نتیجے میں 24 گرفتاریاں ہوئیں جبکہ 37 ایسے افراد کے خلاف فرد جرم بھی عائد کی گئی جن کا تعلق انڈیا میں قائم منظم جرائم کے گروپس سے تھا۔

گولڈی برار کو گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں بھی ملوث سمجھا جاتا ہے (فوٹو: فیس بک، سدھو موسے والا)

لارنس بشنوئی اور گولڈی برار پر الزام ہے کہ انہوں نے ہردیپ سنگھ نجار کو قتل کرنے کا حکم دیا تھا جن کو 18 جون 2023 کو کینیڈا میں نشانہ بنایا گیا۔
ان کو گوردوارے کے باہر دو افراد نے گولی ماری تھی۔
اس واقعے کے بعد انڈیا اور کینیڈا کے سفارتی تعلقات میں بھی شدید کشیدگی پیدا ہو گئی تھی کیونکہ اوٹاوا کی جانب سے الزام لگایا گیا تھا کہ اس قتل میں انڈین حکومت کے ایجنٹ بھی ملوث ہیں۔
تاہم نئی دہلی نے ایسے الزامات کی بار بار تردید کی ہے۔
ستمبر 2025 میں کینیڈا نے بشنوئی نیٹ ورک کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔

شیئر: