Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلاباز ذیشان علی کی زمین پر واپسی کا سفر آج رات نو بجے سے شروع ہو گا: سپارکو

ذیشان علی بدھ کی صبح جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے دیگر دو خلا بازوں کے ساتھ مشن پر روانہ ہوئہ تھے: فوٹو روئٹرز
پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن میں قیام کے بعد اتوار کی رات نو بجے سے واپسی کا سفر شروع کریں گے۔
اتوار کو سپارکو کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ذیشان علی خلائی سٹیشن پر قیام کے بعد پیر کی صبح 2 بجے واپس زمین پر پہنچیں گے۔
ذیشان علی چین کے شینژو 24 مشن کے ذریعے گذشتہ بدھ کو خلا میں پہنچے تھے۔ وہ زمین کے مدار میں داخل ہونے والے پہلے پاکستانی اور چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن میں قدم رکھنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہیں۔
ان کی یہ کامیابی پاکستان کے خلائی پروگرام اور بیجنگ کے ساتھ سائنسی و تکنیکی تعاون میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
اتوار کی رات نو بجے شروع ہونے والے واپسی کے سفر پر ذیشان علی کے ہمراہ شین ژو 23 کے 2 چینی خلا باز بھی واپس آئیں گے۔
سپارکو کے مطابق اپنے قیام کے دوران ذیشان علی نے گرین مائیکرو فیکٹری کے قیام اور کمپوزٹ مٹیریل کی ہیلنگ ایفیشینسی اور ہائبرڈ کمپوزٹ شیلڈ سمیت دیگر ٹیسٹ کیے۔
بیان کے مطابق خلائی سٹیشن پر ذیشان علی کو خصوصی تحفہ بھی دیا گیا تاہم اس کے بارے میں مزید تفصیل نہیں بتائی گئی۔
سنیچر کو خلا باز ونگ کمانڈر ذیشان علی نے چین کے خلائی سٹیشن سے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ براہِ راست گفتگو کے دوران نوجوان پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائیں اور خلائی تحقیق کو اپنے پیشے کے طور پر اپنائیں۔
ٹیلی وژن پر نشر ہونے والی اس گفتگو کے دوران ذیشان علی نے کہا کہ ’میں اس قوم کے نوجوانوں کو واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ تعلیم کو فروغ دیں اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ خلا بازوں، انجینئرز اور سائنس دانوں کی اگلی نسل خلا میں اس سے بھی آگے جائے گی اور انسانیت کی بہتری کے لیے مزید تحقیق کرے گی۔‘
 ذیشان علی کا یہ خلائی سفر فروری 2025 میں پاکستان کے خلائی و بالائی فضائی تحقیقی کمیشن (سپارکو) اور چائنا مینڈ سپیس ایجنسی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت ممکن ہوا، جس کا مقصد پاکستانی خلا بازوں کو انسانی خلائی پرواز کے لیے تربیت دینا تھا۔ ذیشان علی نے بیجنگ میں سات ماہ تربیت حاصل کی، جس میں چینی زبان کی خصوصی اور سخت تربیت بھی شامل تھی۔
 

شیئر: