Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دھوم مچا دے دھوم: الخبرکے مینگو فیسٹیول میں پاکستانی آموں کی شہرت

سعودی عرب کے شہر الخبر میں پہلی بار پاکستانی مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ فیسٹیول میں سعودی شہریوں کے علاوہ پاکستانی اور دیگر غیر ملکیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور پاکستانی آموں کی مختلف اقسام میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی۔
فیسٹیول کا اہتمام پاکستان کے سفارت خانے اور تمیمی گلوبل کے اشتراک سے کیا گیا جبکہ افتتاح سفارت خانے کی منسٹر ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ڈاکٹر شگفتہ زرین اور معروف کاروباری شخصیت سردار الیاس خان نے کیا۔

 

فیسٹیول میں پاکستانی آموں کے مختلف سٹالز سجائے گئے جبکہ آم سے تیار کی گئی مٹھائیاں، کیک اور دیگرمصنوعات بھی پیش کی گئیں۔
شرکاء نے پاکستانی آموں کے ذائقے اور خوشبو کو بے مثال قرار دیتے ہوئے انہیں دنیا کے بہترین آم کا درجہ دیا۔
ڈاکٹر شگفتہ زرین نے کہا کہ آم پاکستان کی ثقافت کا اہم حصہ ہے اور سعودی عرب میں اس کی مانگ مسلسل بڑھ رہی ہے اسی لیے پاکستان سے بڑی مقدار میں آم سعودی عرب برآمد کیے جاتے ہیں۔
سردار الیاس خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی آم اپنے منفرد ذائقے اورخوشبو کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبول ہیں اور یہ فیسٹیول پاکستان کے آموں کو عالمی سطح پر مزید متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
فیسٹیول میں شریک دیگر مہمانوں نے بھی اس تقریب کو سراہا اور پاکستانی آموں کے اعلیٰ معیار اور ذائقے کی بھرپور تعریف کی۔

شیئر: