سعودی عرب اور شام کے درمیان دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے
شاہ سلمان کی خصوصی دعوت پر شام کے صدر مملکت پہنچے تھے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور شام کے صدر احمد الشرع کی موجود گی میں بدھ کو سعودی عرب اور شام نے مختلف شعبوں میں تعاون کے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔
ان میں سعودی وزارتِ صنعت و معدنی وسائل اور شامی وزارتِ صنعت، داخلی تجارت اور تحفظ صارفین کے درمیان صنعتی تعاون کی مفاہمتی یادداشت شامل ہے۔
ایس پی اے کے مطابق دونوں برادر ملکوں کی وزارتِ دفاع کے درمیان تعاون کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔ زراعت اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں تعاون کے لیے بھی دو مفاہمی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔
یاد رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی دعوت پر شام کے صدر احمد الشرع بدھ کو مملکت پہنچے تھے۔
سعودی ولی عہد نے شامی صدر سے ملاقات میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔

دونوں رہنماوں کے درمیان مذاکراتی اجلاس میں مملکت اور شام کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ،تمام شعبوں میں انہیں مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
دونوں جانب سے مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر موقف اور نکتہ نظر میں پائی جانے والی نمایاں ہم آہنگی کو سراہا۔

اس موقع پر کشیدگی میں کمی اور بحرانوں پر قابو پانے کے لیے علاقائی و بین الاقوامی کوششوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کو ترجیح دینے اور اختلافات کو پرامن ذرائع سے حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
دورے کے اختتام پرشامی صدر احمد الشرع نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔
