سعودی ولی عہد سے جدہ میں کینیڈین وزیراعظم کی ملاقات، مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
جمعرات 9 جولائی 2026 17:08
سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعرات کو جدہ کے السلام پیلس میں کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کا خیرمقدم کیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق السلام پیلس میں سرکاری استقبالیہ کا انعقاد کیا گیا، گارڈ آف آنر اور قومی ترانے بجائے گئے۔
بعد ازاں سعودی ولی عہد اور کینیڈین وزیراعظم نے باضابطہ ملاقات کی، جس میں سعودی عرب اور کینیڈا کے تعلقات، تعاون کے شعبوں اور ان کی ترقی کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورت حال اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بھی بات کی۔
سعودی ولی عہد اور کینیڈین وزیر اعظم کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے درمیان کئی دو طرفہ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
توانائی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت پر سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان اور کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے دستخط کیے۔

سعودی، کینیڈین کو آرڈینیشن کونسل کے قیام کے لیے مفاہتی یادداشت پر سعودی اور کینیڈین وزرائے خارجہ جبکہ اے آئی اور سکلز ڈیویلپمنٹ میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر سدایا کے صدر ڈاکٹر عبداللہ الغامدی اور کینیڈین وزیر خارجہ نے دستخط کیے۔

اس موقع پر سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، مکہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل، نیشنل گارڈ کے وزیر شہزادہ عبداللہ بن بندر، وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت، کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان، وزیر خزانہ محمد الجدعان اور کینیڈا میں سعودی سفیر آمال بنت یحیی المعلمی بھی موجود تھیں۔

یاد رہے کینیڈین وزیراعظم بدھ کی شب سعودی عرب کے سرکاری دورے پر جدہ پہنچے تھے۔
مملکت آمد پر مارک کارنی کا کہنا تھا کہ ’کینیڈا، سعودی عرب کے ساتھ ایک نئی شراکت داری قائم کر رہا ہے۔‘
