’خیرات نجران‘ میلے میں دستکاری کارنر وزیٹرز میں مقبول
’خیرات نجران‘ میلے میں دستکاری کارنر وزیٹرز میں مقبول
ہفتہ 11 جولائی 2026 0:06
وزارت کی جانب سے میلے کا انعقاد تاریخی گورنر پیلس کے قریب کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
وزارتِ ماحولیات، پانی و زراعت کے زیر اہتمام ’خیرات نجران‘ کے عنوان سے جاری ثقافتی میلے میں دستکاری کے سٹالز لوگوں میں غیر معمولی طور پر مقبول ہو رہے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت کی ریجنل شاخ کی جانب سے میلے کا انعقاد تاریخی گورنر پیلس کے قریب ’ابا السعود‘ محلے میں کیا گیا ہے جہاں انواع و اقسام کی نجرانی اشیا موجود ہیں جو علاقے کی تہذیب و ثقافت کو نمایاں کرتی ہیں۔
دستکاری کے سٹالز پر نجران کی مشہور روایتی صنعتوں کو نمایاں کیا گیا جن میں ہاتھ سے بنائے ہوئے پنکھے، ماضی میں استعمال ہونے والی جھاڑو، ٹوکریاں وغیرہ شامل ہیں۔
میلے میں آنے والوں کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہورہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
میلے میں شریک دستکاروں کا کہنا ہے کہ نجران کی روایتی مصنوعات اپنی مضبوطی، اعلی معیار اور خوبصورتی کی وجہ سے نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ دیگر علاقوں میں بھی پسند کی جاتی ہیں۔
کاریگروں کا کہنا ہے کہ نمائشوں اور میلوں کے انعقاد سے انہیں اپنی مصنوعات کا وسیع پیمانے پر تعارف کرانے کا موقع ملتا ہے۔
’خیرات نجران‘ (نجران کی برکات) میلے میں آنے والوں کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
میلے میں زرعی، غذائی، دستکاری اور گھریلو صنعتوں سے وابستہ خاندانوں نے اپنے سٹالز لگائے ہیں، جن میں کھجور، انواع و اقسام کے علاقائی پھل، شہد اور مختلف زرعی اجناس وغیرہ شامل ہیں۔