شاہی فرمان: شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان وزیر صنعت و معدنی وسائل مقرر
ہفتہ 11 جولائی 2026 17:54
شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان وزیر توانائی کے عہدے پر برقرار رہیں گے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سنیچر کو شاہی فرمان جاری کیے ہیں جس میں وزرا کا تقرر اور اعلی حکومتی عہدیداروں میں رد وبدل کیا گیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کو وزیر توانائی کے عہدے پر برقرار رکھتے ہوئے صنعت و معدنی وسائل کا وزیر بھی مقرر کیا گیا ہے۔
وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر الخریف کو ان کے عہدے سے سبکدوش کرکے وزیر مملکت اور کابینہ کا رکن بنایا گیا۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جنرل اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹریز کے گورنر انجینیئر احمد بن عبدالعزیز بن المحمد العوھلی کو بھی سبکدوش کر دیا۔
بندر الخریف کو وزیر مملکت کی حیثیت سے اپنی نئی ذمہ داریوں کے علاوہ جنرل اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹریز کے گورنر کے فرائض بھی تفویض کیے گئے ہیں۔
ایک شاہی فرمان کے ذریرے ڈپٹی پبک پراسیکیوٹر شلعان بن راجع کو سبکدوش کرکے انہیں بدرجہ وزیر ایوان شاہی کا مشیر بنایا گیا ہے۔
جبکہ احسان بن عباس کو بدرجہ وزیر جدہ کا میئر مقرر کیا گیا۔
دیگر تقرریوں میں ڈاکٹر محمد المطلق کو نائب وزیر انصاف، طلال الحمود کو سعودی سینٹرل بینک کا نائب گورنر برائے تیکنیکی امور اور عبداللہ الدحیم کو سعودی سینٹرل بینک کا نائب گورنر برائے ایگزیکٹیو امور نامزد کیا گیا۔
