Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینیڈین وزیر اعظم کا دورہ مملکت تعلقات کے نئے باب کا آغاز ہے: سعودی سفیر

دونوں ملکوں کے عزم  کے باعث دو طرفہ تعلقات میں تیزی آئی ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
کینیڈا میں سعودی عرب کی خاتون سفیر سعودی سفیر آمال بنت یحیی المعلمی نے کہا ہے کہ ’کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی کا دورہ سعودی عرب جس میں کئی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، سعودی، کینیڈین تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔‘
ایس پی اے کے مطابق  انہوں نے کہا’ یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات اور تعاون کے دائرہ کار کو بڑھانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔‘
 سعودی سفیر نے ایک بیان میں کہا ’2023 میں سفارتی تعلقات کی بحالی اور سفیروں کی دوبارہ تعیناتی کے بعد سے باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور تعاون کو وسعت دینے کے لیے دونوں ملکوں کے عزم  کے باعث دو طرفہ تعلقات میں تیزی آئی ہے۔‘
انہوں  نے کہا ’2023  میں بطور سفیر عہدہ سنبھالنے کے بعد کینیڈین حکومتی اداروں، نجی شعبے اور تعلیمی اداردوں کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کیے۔ مجھے کینیڈین شراکت داروں خاص طور پر بزنس کمیونٹی کی جانب سے مثبت ردعمل ملا، جنہوں نے مملکت کے ساتھ سرمایہ کاری اور تعاون کے مواقع میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔‘
’جامعات نے بھی سعودی طلبہ کی واپسی کا خیرمقدم کیا ہے جو تعلیم ، تربیت اور سائنسی تحقیق کے قیمتی مواقع فراہم کرتی ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا ’سعودی سفارتخانے نے مملکت میں پر کشش سرمایہ کاری کے ماحول، سعودی وژن 2030 کی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے مملکت میں سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ د ینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔‘
سعودی خاتون سفیر نے یہ بھی کہا’ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے شوری کونسل اور کینیڈین پارلیمنٹ میں سعودی، کینیڈین فرینڈ شپ کمیٹیوں کو بھی فعال کیا گیا ہے۔

یاد رہے کینیڈین وزیر اعظم نے سرکاری دورے کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی وزرا سے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے تعلقات، تعاون کے شعبوں اور ان کی ترقی کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔
 دونوں ملکوں کے درمیان کئی دو طرفہ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ ان میں توانائی، سعودی، کینیڈین کوآرڈینیشن کونسل کے قیام اور اے آئی اور سکلز ڈیویلمپنٹ میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت شامل ہیں۔

یاد رہے کینیڈین وزیراعظم بدھ کی شب سعودی عرب کے سرکاری دورے پر جدہ پہنچے تھے۔
مملکت آمد پر مارک کارنی کا کہنا تھا کہ ’کینیڈا، سعودی عرب کے ساتھ ایک نئی شراکت داری قائم کر رہا ہے۔

 

شیئر: