Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: جج پر کالا جادُو کرنے والی 65 برس کی خاتون کو کیسے گرفتار کیا گیا؟

ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کشال چوکسی کے مطابق ملزمہ نے اعتراف کیا کہ اس نے کالا جادو کیا (فوٹو: سیاست ڈیلی)
جنوبی انڈیا کی ریاست کرناٹک کے شہر چکبالاپورہ کی 65 برس کی ایک خاتون کو مبینہ طور پر ایک جج پر کالا جادو کرنے کے الزام میں گرفتار کیے جانے کے بعد 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ وہ اپنے زیرِسماعت سول مقدمے میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے یہ عمل کر رہی تھی۔
’ای ٹی وی بھارت‘ کے مطابق پولیس کے مطابق خاتون نے جج کی کرسی اور ڈائس پر سفید سرسوں چھڑکی تاکہ اپنے زیرِ سماعت اراضی کے تنازعے کے فیصلے پر اثرانداز ہو سکے۔
ملزمہ کی شناخت منجولا کے نام سے ہوئی ہے جو چکبالاپورہ شہر کی رہائشی ہے۔ اسے اُس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ مبینہ طور پر سی سی ٹی وی فوٹیج میں جج کی کرسی پر سفید سرسوں کے دانے چھڑکتی ہوئی دکھائی دی۔
یہ واقعہ جمعرات 9 جولائی کو صبح ساڑھے نو بجے چکبالاپورہ شہر کی فرسٹ ایڈیشنل سول اور جے ایم ایف سی کورٹ میں پیش آیا۔
عدالتی عملے نے جج کی کرسی پر سفید سرسوں بکھری ہوئی دیکھی تو فوری طور پر سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی، جس میں خاتون کو یہ حرکت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ واقعہ کے بعد کورٹ ایڈمنسٹریٹر نے چکبالاپورہ پولیس سٹیشن میں خاتون کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔
ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کشال چوکسی کے مطابق ملزمہ نے اعتراف کیا کہ اس نے کالا جادو کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ’چکبالاپورہ سٹی پولیس سٹیشن میں کرناٹک پریوینشن آف وِچ کرافٹ ایکٹ 2017 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایک خاتون نے جج کی کرسی اور میز پر سفید سرسوں چھڑکی تھی۔ عدالت کے عملے کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا اور خاتون کو حراست میں لے لیا گیا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جمعرات کو اس کے اراضی کے مقدمے کی سماعت تھی۔ ملزمہ نے دورانِ سماعت یہ اعتراف کیا کہ اس نے کالا جادو اس یقین کے ساتھ کیا کہ اس سے وہ یہ کیس جیت جائے گی۔ خاتون کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا اور اسے 14 روزہ جوڈیشل تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔‘

شیئر: